گووندا کی اپنے بھانجے کرشنا ابھیشک سے ناراضی، بھانجی نے اندر کی بات بتادی
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) کرشنا ابھیشک ، دی کپل شرما شو کا اہم حصہ ہیں جس میں وہ ’سپنا‘ کا کردار نبھاتے ہیں۔ شو کی ہر قسط میں کرشنا کا کام لوگوں کے دل موہ لیتا ہے مگرناظرین یہ بات بھی شدت سے محسوس کرتے ہیں کہ جب کبھی بالی ووڈ اداکار گووندا شو میں آتے ہیں کرشنا شو کا حصہ نہیں بنتے۔ گووندا رشتے میں کرشنا کے ماموں ہیں۔ اب کرشنا کی بہن آرتی سنگھ نے گووندا کے آنے پر کرشنا کے شو میں شامل نہ ہونے کا سبب بتا دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق آرتی نے بتایا ہے کہ ان کے ماموں گووندا اور بھائی کرشنا کے تعلقات کافی کشیدہ چل رہے ہیں اور ان کی بول چال بند ہے جس کی وجہ سے کرشنا شو کی اس قسط میں شامل نہیں ہوتے جس میں گووندا بطور مہمان آئیں۔
آرتی سنگھ نے بتایا ہے کہ ”ماموں اور بھائی کے اس جھگڑے کی وجہ سے مجھے بھی سنگین نتائج بھگتنے پڑ رہے ہیں کیونکہ ماموں نے بھائی کے ساتھ لڑائی کی وجہ سے میرے ساتھ بھی رابطہ ختم کر رکھا ہے۔ ایک کہاوت ہے کہ گیہوں کے ساتھ گھن بھی پستا ہے۔ میرے ساتھ بالکل یہی ہو رہا ہے۔ ان دونوں کے درمیان جو معاملہ بھی ہو، مجھے بھی اس کے اثرات جھیلنے پڑتے ہیں۔کاش ان دونوں کی لڑائی جلد ختم ہو اور ہم اچھے وقت کی طرف دوبارہ لوٹ سکیں۔ میں نے اس حوالے سے کرشنا سے بات کی ہے اور اب یہ ماموں پر ہے کہ وہ کرشنا کو معاف کر دیں۔“
واضح رہے کہ گووندا اور کرشنا کے درمیان تعلقات 2016ءسے تلخ چلے آ رہے ہیں اور تعلقات کی تلخی کی وجہ ماموں بھانجے کی بیگمات ہیں۔ گووندا کی اہلیہ سمیتا آہوجا نے کرشنا کی بیگم کشمیرا پر ناروا سلوک اور طعن و تشنیع کا الزام عائد کیا تھا۔ سمیتا کے بقول کشمیرا نے انہیں طعنہ دیا تھا کہ گووند اپیسے کے لیے ناچتے ہیں۔