کراچی میں تعینات ایس ایچ او اجرتی قاتل نکلا، سرکاری مخبر کو قتل کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں تعینات سندھ پولیس کا سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) اجرتی قاتل نکلا۔ مافیا سے سپاری لینے کے بعد سرکاری مخبر کو قتل کردیا۔
کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے سربراہ راجہ عمر خطاب کے مطابق ایس ایچ او ہارون کورائی نے فضل نامی شہری کو سپاری لینے کے بعد قتل کیا۔ فضل محکمہ کسٹم کیلئے مخبری کرتا تھا۔ اسی کی مخبری پر مئی میں کسٹم انٹیلی جنس نے سات کروڑ روپے کی چھالیہ ضبط کی تھی۔
راجہ عمر خطاب کے مطابق سی ٹی ڈی نے ایس ایچ او سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان میں ایس ایچ او ہارون کورائی اور اس کا گن مین، وحید کارکڑ اور فوزیہ نامی ایک خاتون شامل ہیں۔
انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق کسٹم نے جس چھالیہ کو ضبط کیا تھا اس مین عمران مسعود، وحید کاکڑ اور عثمان شاہ حصے دار تھے۔ انہوں نے مخبری کرنے والے فضل کو راستے سے ہٹانے کیلئے ایس ایچ او ہارون کورائی کو سپاری دی جس نے شہری کو اغوا کرکے قتل کردیا اور واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا نام دینے کی کوشش کی۔