امریکی جوڑے سے ایسی منشیات مل گئی جو 5 کروڑ لوگوں کو موت کے منہ میں دھکیل سکتی تھی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر پیرس کے ایک جوڑے سے انتہائی خطرناک منشیات کی اتنی مقدار برآمد ہوگئی جس سے پانچ کروڑ انسانوں کی موت واقع ہوسکتی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوڑے سے 21 کلو گرام کارفینٹانل برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ فینٹانل سے 100 گنا، ہیروئن سے 50 گنا اور مورفین سے 10 ہزار گنا زیادہ جان لیوا ہے۔ڈسٹرکٹ اٹارنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اس 21 کلو کارفینٹانل کو دوسری منشیات کے ساتھ مکس کیا جائے تو یہ پانچ کروڑ لوگوں کی موت کا باعث بن سکتی ہے۔
گزشتہ کئی مہینوں سے پولیس ایک ایسے گروہ کی نگرانی کر رہی تھی جس پر کارفینٹانل کی سمگلنگ کا شبہ تھا۔ 17 اگست کو ایک گھر کی پولیس نے تلاشی لی تو وہاں سے کارفینٹانل کی بھاری مقدار مل گئی۔پولیس نے 14 ستمبر کو ایک اور گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے 16 کلوگرام فینٹانل ملی جس کے بعد 30 سالہ آندرس جیسس مورالز اور 27 سالہ الیسا کرسٹن پونس کو گرفتار کیا گیا۔دونوں ملزمان پر عدالت میں فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔ دونوں کو 9 نومبر کو سزا سنائی جائے گی۔