بھارت میں اجتماعی زیادتی کا شکار بننے والی 10 سالہ طالبہ حاملہ ہوگئی
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں بورڈنگ سکول میں زیر تعلیم اجتماعی زیادتی کا شکار بننے والی 10 سالہ طالبہ حاملہ ہوگئی ۔پولیس کے مطابق بچی کے ساتھ پیش آنے والی زیادتی کا انکشاف اس دوران ہوا جب وہ دیوالی منانے کیلئے چھٹیوں پر گھر گئی اور اس دوران گھر والوں سے پیٹ درد کی شکایت کی۔
بھارتی میڈیا کے حوالے سے" ایکسپریس نیوز" نے بتایا کہ مہاراشٹرا میں دیہاتی بچوں کیلئے قائم آشرم شالہ کے نام سے قائم بورڈنگ سکول میں 10 سالہ طالبہ کے ساتھ زیادتی کرنے والے 11 ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں سکول کا ہیڈ ماسٹر بھی شامل ہے۔
بعد ازاں ہسپتال میں دوران علاج حکام کی جانب سے بچی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کی گئی،پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید 10 بچیوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات پیش آئے جس کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں دیہاتی بچوں کیلئے آشرم شالہ کے نام سے ایک ہزار سکول قائم ہیں جہاں ساڑھے چار لاکھ کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں جن میں لڑکیوں کی تعداد 2لاکھ ہے۔بھارتی اپوزیشن جماعت نیشنل کانگریس پارٹی نےواقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف تحقیقات بلکہ سکولوں میں موجود تمام بچوں کا طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔