سیاچن کا محاذ ، ممبئی حملے ، ڈان لیکس پر ن لیگی رہنما دشمن کے ہمنوا بنے رہے ، شہباز شریف کی مبینہ آڈیو لیک پر عمر سرفراز چیمہ کا رد عمل 

سیاچن کا محاذ ، ممبئی حملے ، ڈان لیکس پر ن لیگی رہنما دشمن کے ہمنوا بنے رہے ، ...
سیاچن کا محاذ ، ممبئی حملے ، ڈان لیکس پر ن لیگی رہنما دشمن کے ہمنوا بنے رہے ، شہباز شریف کی مبینہ آڈیو لیک پر عمر سرفراز چیمہ کا رد عمل 

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)  مشیر اطلاعات پنجاب اور سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے  وزیر اعظم کی مبینہ آڈیو لیکس پر  کہا کہ  سیاچن کا محاذ ، ممبئی حملے ، ڈان لیکس و دیگر کئی مواقع پر   ن لیگی رہنما دشمن کے ہمنوا بنے رہے ۔

نجی ٹی وی "دنیا نیوز "کے مطابق  مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ   شہباز شریف کی لیک آڈیو کا معاملہ  انتہائی حساس ہے  ،  یہ شریف خاندان کا وتیرہ ہے  کہ یہ اپنے کاروباری مفادات کو ریاستی مفادات پر ترجیح دیتے ہیں ، یہ ہمیشہ  ملکی سلامتی اور دفاع کیساتھ کھلواڑ کرتے ہیں ۔

مشیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ شریف خاندان کیسے اقتدار کو لوٹ مار کیلئے استعمال کرتاہے ، اپنےاقتدار میں انہوں نے بے رحمانہ منی لانڈرنگ کر کے ملک کو کنگال کر دیا ،  ثابت شدہ کرپٹ لٹیرے گینگ کو ملک و قوم پر مسلط کر دیا گیا جو افسوسناک ہے ۔  شریف خاندان محلاتی سازش سے چوری چکار بچانے کیلئے اقتدار پر قابض ہوا ، امپورٹڈ ٹولے کے دن اب گنے جا چکے ہیں ، قوم انہیں دھکے دے کر  اقتدار سے بے دخل کرے گی ۔

 مشیر اطلاعات پنجاب نے   کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ ادارے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ،  رانا ثناء اللہ عمران خان کے خوف سے نفسیاتی مریض بن گئے ہیں ۔  ملکی مسائل کا حل نواز شریف کے پاس موجود ہے نہ ہی  اسحاق ڈار کے ، صرف نئے انتخابات ہی ملک و قوم کو موجودہ دلدل سے نکال سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہی نے اہل پنجاب کو ایک لاکھ نوکریوں کا تحفہ دیا ہے، تعلیم ، صحت ،عوامی سہولیات اور روزگار میں اہل پنجاب کا خواب پورا کررہے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -پنجاب -