بھارت میں شہریوں نے گن پوائنٹ پر سرکاری اہلکاروں کو یرغمال بنا کر سڑک بنوا لی
نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت کے علاقے گرو گرام میں واقع گاؤں نورنگ پور کے شہریوں نے سرکاری اہلکاروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر عرصہ داراز سے ٹوٹی سڑک کی مرمت کروا لی ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر گرو گرام سے ملحقہ ایک گاوں نورنگ پور میں پیش آیا جو گروگرام کی مقامی انتظامیہ کے زیر انتظام ہے، گروگرام میٹرو پولیٹن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سرکاری اہلکار ایک پرائیوٹ کنٹریکٹر کے ساتھ ایک اور قریبی سڑک کی تعمیر میں مصروف تھے جب 30 کے قریب گاوں والے وہاں پہنچے اور سرکاری اہلکاروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔ اس کے بعد وہ انہیں اپنے گاوں کے قریب لے گئے اور وہاں کی ٹوٹی ہوئی سڑک کی راتوں رات مرمت کروائی۔
واقعے کے بعد پولیس نے 30 افراد پر مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مرکزی کردار ہوشیار سنگھ نامی شخص ہے جو ایک پیٹرول پمپ کا مالک ہے اور وہ اپنے پمپ کے سامنے کی سڑک تعمیر کروانا چاہتا تھا۔