کرم ایجنسی(ڈیلی پاکستان آن لائن )ضلع کرم میں دو گاوں کے درمیان لڑائی میں مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد پانچ روز سے جاری لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع کرم میں زمین اور مورچوں کی تعمیر پر چھڑنے والی لڑائی پانچویں روز میں داخل ہوگئی، اپر، لوئر اور سینٹرل تینوں تحصیلوں کے چار مقامات پر وقفے وقفے سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس میں فریقین ایک دوسرے کو چھوٹے بڑے اسلحہ سے نشانہ بنا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق کل رات مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ پانچ روز میں ہلاکتوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی اور تاحال 30 سے زیادہ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کی تعداد بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔