دھواں دھار تقریر پر مشیر خزانہ خیبرپختونخواکا وزیراعلیٰ پنجاب کو مناظرے کا چیلنج

Sep 25, 2024 | 05:02 PM


پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم  نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مناظرے کا چیلنج کردیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختوخوا حکومت تاریخ کے بلند ترین خزانے پر بیٹھی ہے، خیبر پختونخوا کی اچھی کارکردگی دیکھ کر مریم نواز نے پوری تقریر کے پی حکومت کے خلاف کردی۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کے کسان اپنے معاشی قتل کا حساب مانگ رہے ہیں، آج مریم نواز کے کسان کارڈ کے اجراءکو کسانوں نے مسترد کردیا کیونکہ موجودہ حالات کے مطابق پنجاب میں 58 فیصد کم پیداوار ہوئی ہے۔دوسری طرف کارخانے بند ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے سرکاری سکول برائے فروخت ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی اطلاع کے لئے عرض ہے خیبر پختوخوا حکومت تاریخ کے بلند ترین خزانے پر بیٹھی ہے ،خیبرپختونخوا قرض اتارنے کا فنڈ بنا کر ایک ساتھ پانچ فیصد قرض کی رقم رکھی جائے گی۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ پہلے چھ ماہ میں صحت کارڈ کی مد میں 15 ارب خرچ کئے جس سے چار لاکھ لوگوں کا علاج ہوا۔انھوں نے مریم نواز کو چیلنج دیا کہ پروگرام رکھیں اور آئیں مقابلہ کریں کس صوبے نے کتنا کام کیا ہے۔

مزیدخبریں