پی ایچ اےنے لاہور میں موسم سرما کے دیدہ زیب پھولوں کی کاشت شروع کر دی

Sep 25, 2024 | 06:05 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے لاہور میں موسم سرما کے دیدہ زیب پھولوں کی کاشت شروع کر دی ہے۔  ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو نے بتایا کہ شہر بھر میں میری گولڈ اور جعفری کے رنگا رنگ پھولوں کی پنیری لگائی جا رہی ہے۔ گلبرگ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، ڈاکٹرز ہسپتال، علی زیب روڈ اور مین بولیوارڈ سبزہ زار سمیت دیگر علاقوں کی گرین بیلٹس میں پنیری لگائی جا رہی ہے۔

ڈی جی پی ایچ اے  طاہر وٹو کے مطابق  ستمبر کے آخری ایام میں لگائے جانے والے یہ پھول مارچ کے آخر تک لگے رہتے ہیں۔  پی ایچ اے نے ملکہ کوہسار مری میں انڈین ڈہلیا نامی پھول کی پنیری بھی تیار کی ہے۔ فی الوقت پی ایچ اے نرسریز میں انڈین ڈہلیا کی 12 اور 14 انچ گملوں میں منتقلی جاری ہے۔ انڈین ڈہلیا کے رنگ برنگے پھول پی ایچ اے کی سالانہ نمائش میں لگائے جائیں گے۔

 طاہر وٹو نے کہا کہ پی ایچ اے لاہور کو حقیقی معنوں میں باغات اور پھولوں کا شہر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ مون سون کی تکمیل کے بعد پی ایچ اے نے بالخصوص گرین بیلٹس کی مینٹیننس کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

مزیدخبریں