حکومت کی جانب سے کمرشل بینکوں سے کھربوں روپے کا قرض لینے کا انکشاف

Sep 25, 2024 | 10:13 PM

 اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے کمرشل بینکوں سے 40 کھرب روپے قرض لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہونیوالے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کےاجلاس میں سٹیٹ بینک حکام نے بریفننگ دی، بریفنگ میں کمیٹی اراکین نے اسلامی بینکوں کی جانب سے قرضوں پر زیادہ شرح وصولی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تو سٹیٹ بینک نے بتایا کہ روایتی بینک قرض دینے پر 22.7 فیصد سود جبکہ اسلامی بینک 18.8 فیصد ریٹ وصول کر رہے ہیں اور صارفین کی طرف سے اسلامی بینکوں میں ڈپازٹس پر منافع کی شرح 14.1 فیصد ہے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اسلامی بینک اسلام کے لیے نہیں بلکہ زیادہ ریٹرن حاصل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، سٹیٹ بینک کو روایتی بینکوں کی طرح اسلامی بینکوں کو ریگولیٹ کرنا چاہیے۔سٹیٹ بینک حکام نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی بینکاری بہت تیزی سے فروغ پا رہی ہے، بین الاقوامی اسلامک بینکنگ میں پاکستان گیارھویں نمبر پر ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اسلامی بینک کمرشل بینکوں کے مقابلے میں چار فیصد کم منافع ادا کر رہے ہیں، جس پر سٹیٹ بینک کے عہدیداروں نے جواب دیا کہ حکومت نے کمرشل بینکوں سے 40 کھرب روپے کا قرض لے رکھا ہے۔

مزیدخبریں