کاہنہ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر لاہور نے ایل ڈبلیو ایم سی انتظامیہ کے ہمراہ شالامار ٹاؤن زون 9 کے علاقے "چائنا اسکیم"کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دوران یو سی 161 اور یو سی 162 میں صفائی کے شاندار انتظامات دیکھ کر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں اور یہ قابلِ تحسین عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ بھی صفائی کے نظام میں بھرپور تعاون کریں تاکہ لاہور کو حقیقی معنوں میں ایک ماڈل سٹی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات میں تسلسل برقرار رکھا جائے۔شہریوں نے بھی شاندار صفائی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔