اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ود ہولڈنگ ٹیکس معاملے پر اگلے اجلاس میں دوبارہ غور کریں گے، ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ اجلاس کا آخری ایجنڈا آئٹم تھا، اجلاس کے دوران کھانا لگ گیا تو متعدد ارکان چلے گئے۔علامہ راغب نعیمی نے کہا کونسل کے متعدد ارکان ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تھے، نوٹ لینے والے عملے نے سمجھا ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیا گیا۔خیال رہے اسلامی نظریاتی کونسل کی پریس ریلیز میں ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیا گیا تھا۔پریس ریلیز اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا تھا ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی اور زیادتی کے مترادف ہے، اس کے علاوہ کونسل نے سپریم کورٹ کے 11 ستمبر کے فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا جس میں نکاح کے بعد رخصتی سے قبل طلاق کی صورت میں نان نفقہ کی ادائیگی لازم قرار دی گئی تھی، کونسل کے مطابق یہ فیصلہ قرآن و سنت کیخلاف ہے۔انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے اداروں کے قیام کے حوالے سے کونسل نے کہا مخصوص شرائط کے تحت یہ ادارے قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس سے قبل لازمی قانون سازی کی جائے اور اس عمل میں کونسل کو شامل کیا جائے۔کونسل نے دیت کے قانون میں مجوزہ ترامیم کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا دیت کے قانون میں ترمیم کیلئے پیش کردہ بل سے اتفاق نہیں کرتے، بل میں چاندی کو حذف کرنے اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنایا گیا ہے۔کونسل نے کہا دیت کی سونا، چاندی اور اونٹ سے متعلق شرعی مقداریں قانون کا حصہ رہنی چاہئیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے شوگر کے مریضوں کیلئے حلال اجزا سے تیار شدہ انسولین کے استعمال کی اجازت دی، تاہم خنزیر کے اجزا پر مشتمل انسو لین سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے بھی مناسب قانون سازی پر زور دیا۔دریں اثناء سما ء نیوز چینل کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے متعلق وضاحت جاری کر تے ہوئے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے متعلق حتمی رائے قائم کرنے کی بات درست نہیں، حقیقتاً چند اراکین نے اس پر ابتدائی بحث کی اورجس میں اراکین کی آراء مختلف تھیں۔اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق اراکین نے ود ہولڈنگ ٹیکس پر اگلے اجلاس میں ماہرین سے مشاورت کرنے کا کہا، کونسل کے آئندہ اجلاس میں اس پر سیر حاصل بحث کی جائیگی، متعلقہ ماہرین سے رائے لی جائے اور زیربحث مسئلے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔یاد رہے ایف بی آر نے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے یا منتقلی پر ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار دینے کے اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس سے متعلق اسلامی نظر یا تی کونسل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائیگا، ایف بی آرکو کونسل کی اس رائے سے اختلاف ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل