حکومت کاسرکاری ملازمین کیلئے بناولنٹ فنڈ ادائیگیوں کی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ 

Sep 25, 2025

                                                                        اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی حکومت نے بناولنٹ فنڈکے تحت سرکاری ملازمین کے لئے ادائیگیوں کی پالیسی میں تبدیلی کافیصلہ کرلیا۔ یہ بات  بناولنٹ فنڈ حکام نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کو بتائی۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس ملک ابراراحمدکی زیرِصدارت منعقد ہوا ۔حکام بناولنٹ فنڈنے بتایا کہ گریڈایک سے 10تک سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر 5لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے، گریڈ 10سے16 تک ریٹائرمنٹ پر 10 لاکھ اور گریڈ 16سے آگے ریٹائرمنٹ پر15 لاکھ روپے ملیں گے۔حکام بناولنٹ فنڈ نے بتایا کہ بناولنٹ فنڈ نے نئی پالیسی کے مالی اثرات جانچنے کے لئے فرم ہائرکرلی ہے اور ٹائم لائن ہمیں وہ فرم فراہم کریگی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں موجود پی پی رکن آغارفیع نے کہا کہ وفاقی حکومت افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعدان کے مرنے کاانتظارکرتی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے نئی پالیسی کے مالی اثرات کی جانچ کے لئے بناولنٹ فنڈ کو 90 دنوں کی مہلت دے دی۔اجلاس میں وزیراعظم کی طر سے سیلاب زدگان کیلئے   ریلیف کے حوالے سے بریفنگ بھی طلب کی گئی جس پر اراکین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ پاور ڈویژن سے پوچھا جائے کہ ریلیف کا کیا طریقہ کار ہوگا۔بعد ازاں قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے وفاقی وزیر توانائی کوآئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

بناولنٹ فنڈ

مزیدخبریں