اگر چھوٹے صوبوں نے علیحدگی کا نعرہ لگایا تو ذمہ دار نگران حکومت اور الیکشن کمیشن ہوں گے: الطاف حسین
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ تین صوبوں میں لبرل جماعتوں کو انتخابات لڑنے سے کیوں روکا جا رہا ہے؟ آج حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کیوں پوچھ گچھ نہیں ہور ہی؟ کراچی میں اے این پی کے انتخابی دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جہادیوں اور ان سے مراسم رکھنے والوں کو انتخابات لڑنے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ لبرل جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے معتدل مزاج رہنمائ، وکلاءاور عوام ملک بچانے کیلئے باہر آئیں اور جمہوریت اور اعتدال پسندی کی آواز کو ختم ہونے سے بچائیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایسے انتخابات کو صاف اور آزادانہ نہیں بلکہ جھرلو الیکشن کہا جائے گا، خدارا معتدل سوچ و فکر رکھنے والی جماعتوں کو انتخابی عمل سے باہر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چھوٹے صوبوں نے علیحدگی کا نعرہ لگایا تو ذمے دار نگران حکومت اور الیکشن کمیشن ہوں گے۔