بالی وڈ میں شادیوں کو صیغہ راز میں رکھنے کا معاملہ نیا نہیں

بالی وڈ میں شادیوں کو صیغہ راز میں رکھنے کا معاملہ نیا نہیں

ممبئی (این این آئی)رانی مکھر جی اور آدتیہ چوپڑا نے کبھی کھلے عام اپنی محبت کا اعتراف نہیں کیا-گذشتہ دنوں بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے معروف فلم ساز یش چوپڑا کے بیٹے آدتیہ چوپڑا سے اٹلی میں خاموشی کے ساتھ شادی کر لی اور اس کی اطلاع انھوں نے بعد میں دی۔ بالی وڈ میں شادیوں کو صیغہ راز میں رکھنے کا معاملہ نیا نہیں ہے اور لوگوں اور میڈیا کی نظروں سے دور، بغیر بینڈ باجے اور بارات کے شادیاں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں۔اس ضمن میں ہمارے سامنے کئی نام ہیں تاہم یہاں سب کا ذکر ممکن نہیں، اس لیے صرف بعض مخصوص جوڑیوں کا ہی ذکر ہے۔ان میں دھرمیندر اور ہیما مالنی کے علاوہ دیو آنند اور کلپنا کی شادیاں اپنے آپ میں مثال ہیں۔ تاہم سنیل دت اور نرگس کی شادی کو صیغہ راز میں رکھنے کا فیصلہ صرف ایک گزارش کا نتیجہ تھا۔شمّی کپور اور گیتا بالی نے ’کافی ہاو¿س‘ اور ’مہر‘ میں ساتھ کام کیا تھا- شمّی کپور اور دونوں گیتا بالی ایک دوسرے کی محبت میں سرشار تھے۔ شوٹنگ ختم ہونے کے بعد دونوں ہر شام سڑک پر گھنٹوں ساتھ چہل قدمی کرتے تھے، پھر ایک دن اچانک دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

جنوبی ممبئی کے ایک مندر میں دونوں نے صبح چار بجے شادی کر لی اور پرتھوی راج کو بعد میں راج کپور نے فون پر شادی کی اطلاع پہنچائی جبکہ میڈیا کو گیتا بالی کے سکریٹری سریندر کپور نے خبر دی۔دیوآنند نے فلم ٹیکسی ڈرائیور کی اپنی کو سٹار کلپنا سے شادی کی-دیوآنند اور ثریا کی محبت کے قصے عام تھے لیکن ان کی شادی نہ ہو سکی تاہم دیوآنند نے اپنی شادی سے سب کو دنگ کر دیا۔اداکار دھرمیندر اور ہیما مالنی کی شادی بڑے دلچسپ انداز میں ہوئی۔

 دراصل ہیما مالنی کو دھرمیندر کے علاوہ جیتندر اور سنجیو کمار کو بھی پسند کرتے تھے اور وہ دونوں ان سے شادی کرنا چاہتے تھے۔تمام حالات کے بعد دھرمیندر نے ہیما مالنی سے شادی کر لی۔ ان کی شادی کی راہیں آسان نہیں تھیں۔ اس کے لیے دونوں نے اسلام قبول کیا کیونکہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور ہندو ہونے کی وجہ سے دوسری شادی نہیں کر سکتے تھے۔نرگس اور سنیل دت کی شادی کی خبر تو لوگوں میں تین چار ماہ بعد پہنچی۔ دراصل یہ دونوں فن کار محبوب خان کی فلم ’مدر انڈیا‘ میں کام کر رہے تھے اور اسی دوران دونوں میں محبت ہو گئی اور انھوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔چنانچہ نرگس اور سنیل دت نے شادی تو کر لی لیکن یہ بات چھپا ئے رکھی اور مدر انڈیا کی ریلیز کے چند ماہ بعد ہی اپنی شادی کی خبر عام کی۔ تاہم اس کے باوجود مدر انڈیا کی باکس آفس پر مقبولیت پر کوئی فرق نہیں پڑا اور کہا جاتا ہے کہ 1957 میں ریلیز کے بعد سے یہ فلم آج تک ہندوستان کے کسی نہ کسی سینیما میں چل رہی ہے۔اداکارہ سری دیوی اور فلم ساز بونی کپور کی شادی نے بھی سب کو چونکا دیا تھا۔ دراصل سری دیوی جب بونی کپور کی فلموں میں کام کر رہی تھیں تو اس دوران وہ ممبئی کے ایک ہوٹل میں رہتی تھیںجہاں انہوں نے چپکے سے شادی کر لی-عامر خان نے دوسری شادی کرن راو¿ سے کی ہے-عامر خان اپنی پہلی ہی فلم ”قیامت سے قیامت تک“ سے ہی سٹار بن گئے تھے۔ کئی خواتین ان کی پرستار بن گئیں لیکن انھیں اس وقت جھٹکا لگا جب انھیں یہ پتہ چلا کہ عامر پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔عامر اور رینا دتا ممبئی میں ایک ہی جگہ رہتے تھے اور دونوں نے 1986 میں ہی خاموشی کے ساتھ شادی کر لی تھی۔

مزید : کلچر


loading...