فلمسازغفوربٹ کی فلم ”دی سسٹم“ کے ٹریلر اور میوزک لانچنگ تقریب

فلمسازغفوربٹ کی فلم ”دی سسٹم“ کے ٹریلر اور میوزک لانچنگ تقریب
فلمسازغفوربٹ کی فلم ”دی سسٹم“ کے ٹریلر اور میوزک لانچنگ تقریب

  


لاہور(فلم رپورٹر) فلمسازغفوربٹ کی فلم ”دی سسٹم“ کے ٹریلر اور میوزک لانچنگ تقریب گذشتہ روز لاہور کے مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی سنیئر اداکار وفلمساز اعجاز درانی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں اداکارہ بہار بیگم ، سینما آنر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زوریز لاشاری،نادر مہناس ، جونی ملک،چوہدری اعجاز کامران، جمشید نقوی، طارق بٹ ، شہزاد رفیق ، عمران حسینی ، سہیل حسینی ، حاجی شیرا ، مسعود بٹ ، ذوالفقار مانا ، فیاض خان ، قیصر ثناءاللہ خان ، نیئر اعجاز ، عرفان کھوسٹ ، اداکارہ انمول ، شیرازبٹ اور فلم کے ہدایتکار شہزاد بٹ کے علاوہ پارلیمانی سیکرٹری برائے کلچر رانا ارشد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اعجاز درانی نے کہا کہ غفور بٹ پاکستان اور فلم انڈسٹری سے بہت پیار کرتا ہے اسی لئے ناروے میں رہنے کے باوجود اپنی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔ اسے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جس نے موجودہ حالات میں ”دی سسٹم “ جیسی معیاری فلم بنائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہر شعبہ میں قابل لوگ موجود ہیں۔ افسوس اس بات کا ہے کہ قابل رائٹر ، ڈائریکٹر اورتکنیکار اتنے سالوں میں آہستہ آہستہ ہم سے دور چلے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک حوصلے مند قوم ہے جو ہر مشکل کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔اداکارہ بہار بیگم نے کہا کہ کسی بھی گھر کو ایک مضبوط چھت کی ضرورت ہوتی ہے ، ہمیں فلم میکنگ میں آنیوالے نوجوان ٹیلنٹ کی چھت بننا ہوگا تاکہ مستقبل میں وہ بہتر انداز سے فلم انڈسٹری کے لئے کامیابیاں حاصل کرسکیں۔ زوریز لاشاری نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارے ہاں بھی معیاری فلمیں بن رہی ہیں، پاکستانی فلم بینوں کے ساتھ ہم بھی ان فلموں کو سپورٹ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے کلچر رانا ارشد نے کہا کہ اس طرح کی فلمیں ہی پاکستان فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال کرینگی اور حکومت بھی معیاری فلمیں بنانے والوں اور فلم ٹریڈ کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ”دی سسٹم“ ایک اچھی کوشش ہے اور ہماری دعا ہے کہ غفور بٹ کی یہ کوشش کامیاب ہو ۔ اداکار عرفان کھوسٹ ، نیئر اعجاز ،اداکارہ کشف علی اور شیراز بٹ سمیت دیگر فنکاروں نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو ایسی ہی فلموں کی ضرورت ہے ۔

دریں اثناءفلم کا ٹریلر اور گانے چلائے گئے جنہیں بے حد پسند کیا گیا ۔

مزید : کلچر


loading...