میزان بینک لمیٹڈ کا بعد ازٹیکس منافع میں 13فیصد اضافہ ریکار ڈ
کراچی(اکنامک رپورٹر) میزان بینک لمیٹڈ نے 31مارچ 2014ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے بعد ازٹیکس منافع میں 13فیصد اضافہ ریکار ڈ کیا ہے جوکہ پچھلے مالی سال کی اس سہ ماہی کے 0.982ارب روپے کے مقابلے میں 1.106ارب روپے رہا۔بینک کی فی حصص آمدنی پچھلے مالی سال کے اس عرصے کے 0.98روپے کے مقابلے میں 1.10روپے رہی۔میزان بینک کے مالیاتی نتائج کی منظوری بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں 23اپریل کو دی گئی جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ نے کی ۔
بورڈ کے وائس چیئرمین عبد الطیف الاسفور بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
میزان بینک نے ترقی کے سفر کو حالیہ سہ ماہی میں بھی جاری رکھا اور اس کے ڈپازٹس 300ارب روپے سے زائد ہوکر 31مارچ 2014ء تک 307ارب روپے ہوگئے ہیں جو کہ 31دسمبر 2013کے 290ارب کے ڈپازٹس سے 6فیصد زائد ہیں۔میزان بینک برانچ نیٹ کے لحاظ سے ملک کا آٹھواں بڑا بینک ہے جس کی 103شہروں میں 351برانچیں ہیں۔میزان بینک پچھلے کئی سالوں سے ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پاکستان کے بہترین اسلامی بینک کا ایوارڈ حاصل کر رہا ہے۔میزان بینک اپنے صارفین کیلئے 24گھنٹے بینکنگ سروسز فراہم کر رہا ہے۔ جن میں 280سے زائداے ٹی ایمز، انٹرنیٹ بینکنگ ، کال سینٹرزاور میزان ویزا ڈیبِٹ کارڈ کی سہولیات شامل ہیں۔JCR-VISکریڈٹ ریٹنگ نے 2013میں میزان بینک کی طویل المدتی ریٹنگ اپ گریڈکرکے ڈبل اے مائنس سے ڈبل اے کی ہے۔ بینک کی شارٹ ٹرم ریٹنگ اسٹیبل آؤٹ لک کے ساتھ A1+ہے جوکہ بینک کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔