تمام ڈویژنز میں آئی ایس او کے اجلاس مجلس عمومی کا سلسلہ جاری
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری تہور حیدری نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان کے دوسرے اجلاس مجلس عاملہ کے بعد ملک بھر کے تمام ڈویژنز میں اجلاس مجلس عمومی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتہ کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ ، اورگجرانوالہ ڈویژنز کے اجلاس مجلس عمومی منعقد ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ کہ ان اجلاسات مجلس عمومی میں مجلس عاملہ میں ڈویژنز کو دیئے گئے پروگرامات یونٹس میں کرانے کے لئے پیش کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان ا طہرعمران طاہر کراچی، ترجمان آئی ایس او ڈاکٹر تجمل نقوی حیدر آباد،مرکزی پبلیکیشن سیکریٹری مجتبیٰ حیدر لاڑکانہ ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری احسن علی نقوی گجروالہ ڈویژن میں خصوصی شرکت کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈویژنل مجلس عمومی ڈویژن کا اعلی اختیاراتی ادارہ ہے۔ ہر یونٹ سے ایک نمائندہ اور تمام یونٹ صدوراس کے ارکان ہوتے ہیں،ڈویژن کی سطح پر مجلس عمومی اصول انتخاب کے مطابق ڈویژنل صدرمنتخب کرتی ہے اور مجلس عاملہ کے فیصلوں ، مرکزی پروگرام اور ڈویژن کے لیے منظور شدہ پروگرام پر عمل کرانے کی پابندہوتی ہے۔یہ مجلس ڈویژن کے مسائل دوتہائی اکثریت سے حل کرنے کی مجازرکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اجلاسات میں ملک دشمن قوتوں کے خلاف اکثریت رائے سے قراردادیں منظور کی جائینگی اوروطن عزیز پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے عہد کودہرایا جائیگا۔