اشاروں کی زبان سے متعلق شارٹ کورس مکمل کرنے والوں کےلئے تقریب

اشاروں کی زبان سے متعلق شارٹ کورس مکمل کرنے والوں کےلئے تقریب

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب یونیور سٹی شعبہ سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام اشاروں کی زبان سے متعلق شارٹ کورس مکمل کرنے والوں کے لئے تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر عنبرین رضا، ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن فضل چیمہ، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ممتا ز اختر، انچارج شعبہ سپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر حمیرہ بانو، فیکلٹی ممبران ، طلبہ اور ملازمین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر حمیرہ بانو نے شارٹ کورس کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیکریٹری سپیشل ایجوکیشن سے اپیل کی کہ سماعت سے محروم طلبہ کے لئے اساتذہ کی تقرری کے لئے اس کورس کوپنجاب حکومت اہلیت کے معیار اورقوانین میں شامل کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ کورس سماعت سے محروم طلبہ کی معاونت میں سود مند ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر عنبرین رضا نے اس کورس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے منعقدہ پروگرام پرشعبہ سپیشل ایجوکیشن کو مبارک باد پیش کی۔انہوںنے کہا کہ اس کورس کو سماعت سے محروم طلبہ کی درست رہنمائی کے لئے نصاب کا حصہ ہونا چاہئے۔ انہوںنے پنجاب کی سطح پر سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو درپیش مشکلات اورکامیابیوں پر روشنی ڈالی۔پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر نے سیکریٹری ایجوکیشن کو پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپیشل ایجوکیشن کا دورہ کرنے پر خوش آمدیدکہا اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمدنے اس کورس کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے۔ شعبہ میں اشاروں کی زبان کی انسٹرکٹر حافظ محمد افضال نے تمام تقریب کا احوال اشارو ں کے ذریعے سماعت سے محروم طلبہ تک پہنچایا۔ تقریب کے اختتام پر رخسانہ بشیر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔  

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...