اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتاری کے باوجود انجنئیروں میں اتحاد قائم نہ ہوسکا

اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتاری کے باوجود انجنئیروں میں اتحاد قائم نہ ہوسکا

لاہور(شہباز اکمل جندران//انویسٹی گیشن سیل) اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتاری کے باوجود انجینئروں میں اتحاد قائم نہ ہوسکا۔ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر انجینئروں صفدررضا، انجینئر طارق بٹ اور حبیب رندھاوا نے لودھراں میں گرفتار ہونے والے پانچ انجینئروںکی رہائی کے لیے صوبائی سیکرٹری مواصلات وتعمیرات سے ملاقات کی اور28اپریل تک گرفتار انجنئیروں کو رہا نہ کئے جانے پر ہڑتال کا اعلان کیا لیکن صوبائی سیکرٹری سے ملاقات کے بعد ان کا یہ اتحاد اس وقت تحلیل ہوگیا جب سپرنٹنڈنٹ انجینئرصفدر رضا نے بطور صدر ایسوسی ایشن ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر طارق بٹ کو ایکشن کمیٹی کا تحریری طورپر چیئرمین بنانے کا اعلان کیا۔صفدر رضا کے اس اعلان پرسپرنٹنڈنٹ انجینئر طارق بٹ نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر صفدر رضا کو ایسوسی ایشن کا صدر تسلیم کرنے اور ان کے اعلان کرنے پر خود کو ایکشن کمیٹی کا سربراہ ماننے سے انکار کردیا۔معلوم ہواہے کہ اینٹی کرپشن ملتان کی ایک ٹیم نے ڈی جی اینٹی کرپشن عابد جاوید کی زیر نگرانی دوروز قبل لودھراں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال کی تعمیر میں غیر معیار ی مٹیریل کے استعمال اور ہسپتال میں ناقص مشینری کی تنصیب پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ا ی ڈی او ہیلتھ آصف کاظمی،ایکسیئن محمد علی، ڈاکٹرعبدالقدوس ، ڈاکٹر محمود الحسن ، ڈاکٹر ریاض احمد ، ڈاکٹر اشفاق حسین ، ایس ڈی او طاہر وحید ، ایس ڈی اوامتیاز احمد ایس ڈی او محمود الحسن سب انجینئر شاہد نذیر اور میڈیسن کمپنی کے نمائندے محمد شاہد خان کو گرفتار کرلیا تھا۔پانچ ساتھیوںکی گرفتاری پر انجینئر کمیونٹی میں غم وغصے کے ساتھ ساتھ تشویش کی لہر بھی دوڑ گئی اور ایسوسی ایشن کی صدارت کے دوامیدواروں سپرنٹنڈنٹ انجینئر صفدر رضا اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر طارق بٹ روڈ ریسرچ میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر فرائض انجام دینے والے حبیب رندھاوا کے ہمراہ ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر صوبائی سیکرٹر ی مواصلات وتعمیرات پنجاب محمد مشتاق احمد سے گزشتہ روز ملاقات کی۔ اور لودھراں میں گرفتار ہونے والے انجینئروںکے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ گرفتارانجینئروںکو رہا کیا جائے بصورت دیگر 28اپریل سے صوبے بھر کے انجینئر ایسوسی ایشن کی کال پر ہڑتال کرینگے۔جس پر صوبائی سیکرٹری نے انجینئروں کے نمائندوں کوتعاون کا یقین دلایا۔ملاقات کے بعدسپرنٹنڈنٹ انجینئر صفدر رضا نے بطور صدر پنجاب بلڈنگز اینڈ ھائی ویز انجینئرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر طارق بٹ کو ایکشن کمیٹی کا تحریری طورپر چیئرمین بنانے کا اعلان کیاتو سپرنٹنڈنٹ انجینئر طارق بٹ نے انجینئر صفدر رضا کو ایسوسی ایشن کا صدر تسلیم کرنے اور ان کے اعلان کرنے پر خود کو ایکشن کمیٹی کا سربراہ ماننے سے انکار کردیاانجینئر طارق بٹ کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن تحلیل ہوچکی ہے۔ صفدر رضا سابق صدر ہیں اور خود کو صدر ظاہر کرتے ہوئے وہ ان کو ایکشن کمیٹی کا چیئرمین نہیں بناسکتے ۔ طارق بٹ کا کہناتھا کہ وہ ایسو سی ایشن کے ممبر کی حیثیت سے کمیونٹی کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں،دوسری طرف صفدر ضا کا کہنا تھا کہ جب تک نئے الیکشن نہیں ہوتے وہ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 28اپریل تک گرفتار انجنئیروں کو رھا نہ کیا گیا تو پنجاب بھر میں ہڑتال کی جائیگی۔ ان کا مزید کہناتھا کہ ایسوسی ایشن کرپشن کے خلاف ہے۔ لیکن ڈی جی اینٹی کرپشن نے قانونی لوازمات پورے کئے بغیر ہی انجنئیروں کو گرفتار کیا ہے جو کہ غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طارق بٹ صدر بننا چاہتے ہیں تو کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں انہیں یہ بھی قبول ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...