عوام ابتداء میں ہی 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو برداشت کر رہے ، منظور وٹو
لاہور( سپیشل رپورٹر) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظوراحمد وٹو نے کہا ہے کہ پاکستانی موسم گرما کے شروع میں ہی 12سے 16گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ کو برداشت کر رہے ہیں اور خوفزدہ بھی ہے کہ سخت گرمیوں کے دنوں میں ان کو کس قسم کے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔انہوں نے وزیر اعظم کی طر ف سے پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر انکی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جس میں انہوں نے کہا کہ ڈھائی تین سال میں وہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر نے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جسمیں انہوں نے کہا تھا کہ اگر وہ 3مہینے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کر دیں تو انکا نام تبدیل کر دیں اب وقت ہے کہ وہ اپنے اعلان پر عملدرآمد کریں کیونکہ لوڈشیڈنگ تقریباً 10مہینے کے بعد بھی کم ہونے کی بجائے اور بڑھ گئی ہے ۔ منظور وٹو نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے حکومت کی ساکھ کو سہارا مل سکتا ہے اگر ایسا نہ کیا تو انکی ساکھ بتدریج کم ہو جائے گی جس سے سیاسی حکومت کے مسائل سنگینی اختیار کر جائیں گے