چولستانی طلبا وطلبات کو مفت تعلیم کیلئے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کیساتھ معاہدہ

چولستانی طلبا وطلبات کو مفت تعلیم کیلئے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ...

                        لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر بہاولپور ڈویژن کے چولستان کے علاقے میں واقع 75 غیر رسمی کمیونٹی سکولز میں زیر تعلیم ساڑھے 4ہزار طلبا و طالبات کو میٹرک تک مفت تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن فاﺅنڈیشن کے مابین باضابطہ معائدہ طے پا گیا ہے ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ضلعی رابطہ افسر بہاولپور کے کمیٹی روم میں چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان ، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ترقیاتی ادارہ اقبال حسین،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت پر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی اقبال حسین جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کی جانب سے ڈائریکٹر وقار عظیم نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت چولستان کے 75کمیونٹی سکولوں میں زیر تعلیم 3ہزار طالبات اور 1500طالب علموں کو میٹرک تک مفت تعلیم مہیا کی جائے گی ۔یہ سکول پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبے ”نیو سکول پروگرام“ کے تحت چلائے جائیں گے ۔ اس موقع پر ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے بتایا کہ بہاولپور ، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں چولستان کے مختلف علاقوں میں قائم 75کمیونٹی سکولز میں ”نیو سکول پروگرام “ کے تحت مفت تعلیم کے لئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے ان سکولوں کے اساتذہ کو خصوصی فائدہ ہو گا ۔ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی جونیئر ٹیچر کو 7000روپے جبکہ سینئر سکول ٹیچر کو 8ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ادا کرے گی ۔ اسی طرح ان اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کمیونٹی سکولوں میں طالب علموں اور اساتذہ کے لئے پینے کے صاف پانی وٹائلٹ کی سہولیات کے علاوہ خوشگوار تعلیمی ماحول بھی مہیاکیا جائے گا۔

چولستان

مزید : صفحہ آخر


loading...