طالبان کے دو گروپوں کا 15شوال تک جنگ بندی کا اعلان

طالبان کے دو گروپوں کا 15شوال تک جنگ بندی کا اعلان

پشاور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور طالبان رابطے چار ہفتے بعد بحال ہو گئے ۔ تحریک طالبان کے دو گروپوں سجنا اور شہریار گروپ نے 15 شوال تک جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے جبکہ حکومت نے بھی طالبان کے سامنے کڑی شرائط پیش کر دی ہیں اور کہا ہے کہ اگر طالبان نائن الیون سے پہلے کی صورتحال بحال کر دیں تو حکومت کی جانب سے مزید قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور رعائتیں دی جائیں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرہ قبائلی خاندانوں کو زرتلافی بھی دیں گے اور پیس زون بھی قائم کیا جائے گا۔ جہاں مذاکرات کیلئے طالبان باآسانی آ جا سکیں گے۔حکومت نے یہ سوال بھی کیا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کے بعد طالبان خیرسگالی کے طور پر کیا قدم اٹھائیں گے ؟ اگر طالبان پروفیسر اجمل ، علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر کو چھوڑ دیں تو حکومت قاری شکیل کے بھائی کو رہا کر دے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ دوطرفہ الزامات کی تحقیقات کے لیے ذیلی کمیٹی بنانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جس میں فریقین کے دو دو ممبران شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے طالبان سے کہا ہے کہ وہ بامقصد مذاکرات کریں تاکہ مسئلے کو جلد نمٹایا جا سکے۔ فیصلہ کن مرحلے میں حکومت قبائلی سرداروں اور علماء کرام کو بھی مذاکراتی کمیٹی میں شامل کرے گی۔

مزید : صفحہ اول


loading...