افواجِ پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عوامی تحریک کے ملک بھر میں مظاہرے
لاہور (سٹاف رپورٹر)ا فواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان عوامی تحریک نے ملک بھر میں ضلعی سطح پر تمام شہروں میں مظاہرے کئے۔ لاہور پریس کلب کے باہر فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہزاروں خواتین اور مرد حضرات شریک تھے۔مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ریاست پاکستان کے خلاف سازشیں نامنظور،دفاعی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش نامنظور،افواج پاکستان کی کردار کشی نا منظور،پاک فوج قوم آپ کے ساتھ ہے،پاک فوج کی قربانیوں کو سلام وغیرہ کے نعرے درج تھے ۔مظاہرے کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کی جبکہ اس موقع پر لاہور کے امیر ارشاد طاہر،صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور افضل گجر،غلام فرید اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ خرم نواز گنڈا پور نے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کی عزت و وقار کے ساتھ پاکستان کا استحکام اور عوام کا تحفظ اور خوشحالی وابستہ ہے۔مضبوط فوج ہی پاکستان کے تحفظ کی ضمانت ہے۔تحفظ پاکستان کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اس لیے پاک آرمی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔حکومت وقت خاندانی آمریت کو رواج دینے کیلئے ریاستی اداروں کو روندنے کی جس روش پر چل رہی ہے وہ گھناؤنی سازش ہے ، پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کال پرپاکستان عوامی تحریک کے ملک گیر مظاہروں میں مجموعی طور پر لاکھوں افراد کی شرکت پوری قوم کی طرف سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے ۔ ملک دشمن عناصر نے افواج پاکستان کے خلاف مزید زہر اگلنے کی کوشش کی تو عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔ لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر اورلاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف تین دن تک جو ہوتا رہا اس پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی رہی۔چیف آف آرمی سٹاف نے البتہ اپنا فرض منصبی نبھاتے ہوئے ISI ہیڈ کواٹر کا دورہ کرتے ہوئے وہ سب کچھ کہا جو قوم ان سے توقع کر رہی تھی ۔ نواز شریف خاندان کا حکمرانی کا سٹائل عیاں کرتا ہے کہ انہوں نے ماضی سے سبق حاصل نہیں کیا۔ اب تک کی حکومتی کارکردگی یہ ہے کہ ایک ہی خاندان کے افراد ملکی تقدیر کے فیصلے کر رہے ہیں۔ناظم غلام فرید نے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اہم ترین ادارے کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔عوام پاکستان با شعور ہیں فوج کے ادارے کی اہمیت اور اسکے وقار کو سمجھتے ہیں اس لیے حکمران ہوش کے ناخن لے کر اپنی روز سے تائب ہو جائیں۔