وزیراعلیٰ شہباز شریف سے آئی ایل اوکے وفد کی ملاقات،سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں تعاون پر اتفاق

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے آئی ایل اوکے وفد کی ملاقات،سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں ...

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے یہاں انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن(ILO) کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں جاری سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایل او کے وفدنے محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے ،چائلڈ لیبر کے خاتمے اورمحنت کشوں کے دیگر فلاحی پروگراموں میں ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ محنت کشوں کے لیے ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانے،چائلڈ لیبر کے خاتمے اورورکرزکے لئے فلاحی پروگراموں کے حوالے سے آئی ایل او کا کردار بہت اہم ہے۔برطانوی ادارے ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں آئی ایل او بھی پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کرسکتی ہے اوراس ضمن میں پنجاب حکومت اور آئی ایل او سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مختلف شہروں میں جدید تربیتی مراکز کے قیام میں تعاون کرسکتے ہیں ۔تربیت یافتہ لیبر فورس صنعتی پیداوار میں اضافے اور قومی معیشت کے استحکام میں اہم کرداراداکرتی ہے ۔پنجاب حکومت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند، افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام صنعتی پیداوار بڑھانے اور محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے اہم کردارادا کررہا ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ایل او نے کہا کہ پنجاب حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے محنت کشوں کی فلاح وبہبود اورسکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے لائق تحسین کام کررہی ہے ۔انہوں نے آئی ایل او کے وفد کی جانب سے لاہور میں جنوبی ایشیاء لیبر کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی ۔لیبر لیڈر خورشید احمد نے کہا کہ شہبازشریف محنت کشوں کی بہتری اور توانائی بحران کے خاتمے کے لیے بھر پور محنت کررہے ہیں۔صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور،چوہدری شفیق احمد،حمیدہ وحید الدین اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...