شہبازشریف کی نندی پور پاور پراجیکٹ میں مجرمانہ غفلت پر سابق حکومت پر کڑی تنقید

شہبازشریف کی نندی پور پاور پراجیکٹ میں مجرمانہ غفلت پر سابق حکومت پر کڑی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اور پنجاب حکومت کے زیر اہتمام سارک انٹرنیشنل نمائش کی افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران خوشگوار انداز میں لاہور چیمبر کے صدر کی حیثیت سے پرانی یادیں بھی تازہ کیں۔انہوں نے کہا کہ80ء کی دہائی کے میرے سابق ساتھیوں کے بچے آج ایوان صنعت و تجارت کے سنیئر نائب صدر اور نائب صدر بن گئے ہیں۔یہ بات خوش آئند ہے کہ لاہور چیمبر جوان ہاتھوں میں آگے بڑھ رہا ہے ۔میرے دوست میاں اشرف نے اگر اپنی مل نہ بیچی ہوتی تو آج انکا بھی اپنا پاور پلانٹ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اچھا ہوتا کہ اس محفل میں سارک ممالک کے نمائندوں کو بھی مدعوکیا جاتا حالانکہ سارک ممالک کے نمائندے ایک روز قبل لیبر کانفرنس میں آئے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کا بحران ختم کرنے کیلئے 18کروڑ عوام کو جگنوکی طرح اپنا کردار ادا کرکے ملک سے اندھیرے ختم کرنا ہو ں گے۔وزیراعلیٰ نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں سابق حکومت کے دور میں بدترین غفلت کاتفصیل سے ذکر کیا اورکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنی سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث منصوبے پر کام چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی ،پلانٹ کی مشینری کراچی پورٹ پر زنگ آلود ہوتی رہی ۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یہ شعر بھی پڑھا....؂
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے ۔۔۔۔۔۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے آتے ہی نندی پور پاور پراجیکٹ کو بحال کیا اورچینی کمپنی کو کام پر دو بارہ آمادہ کیااور آج الحمداللہ یہ منصوبہ تیزرفتاری سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے ۔شہباز شریف نے اپنی تقریر کے دوران جب یہ کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کا خاتمہ صرف محنت سے ممکن ہے تو شرکاء نے زور دار تالیاں بجا کر وزیراعلیٰ کی بات کی تائید کی۔محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ پاکستان ایک دن ضرور عظیم ملک بنے گا۔وزیراعلیٰ کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

مزید :

صفحہ اول -