جی ہاں ، پاکستان ان کا بھی تو ہے

جی ہاں ، پاکستان ان کا بھی تو ہے
جی ہاں ، پاکستان ان کا بھی تو ہے

  


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر بہاولپور ڈویژن کے چولستان کے علاقے میں واقع 75 غیر رسمی کمیونٹی سکولز میں زیر تعلیم ساڑھے 4ہزار طلبا و طالبات کو میٹرک تک مفت تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فاؤنڈیشن کے مابین باضابطہ معائدہ طے پا گیا ہے ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ضلعی رابطہ افسر بہاولپور کے کمیٹی روم میں چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان ، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ترقیاتی ادارہ اقبال حسین،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت پر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی اقبال حسین جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈائریکٹر وقار عظیم نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت چولستان کے 75کمیونٹی سکولوں میں زیر تعلیم 3ہزار  طالبات اور 1500طالب علموں کو میٹرک تک مفت تعلیم مہیا کی جائے گی ۔یہ سکول پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبے ’’نیو سکول پروگرام‘‘ کے تحت چلائے جائیں گے ۔ اس موقع پر ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے بتایا کہ بہاولپور ، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں چولستان کے مختلف علاقوں میں قائم 75کمیونٹی سکولز میں ’’نیو سکول پروگرام ‘‘ کے تحت مفت تعلیم کے لئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ان طالب علموں کی تعلیم و سٹیشنری کی فراہمی کی غرض سے اگلے تین ماہ تک چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو 360روپے فی طالب علم ماہانہ ادا کرے گی ۔ تین ماہ کے عبوری انتظام کے بعد ان سکولوں کو چلانے کے لیے طویل المعیاد حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ چولستان کے بچوں کی مفت تعلیم کا یہ سلسلہ جاری رہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے ان سکولوں کے اساتذہ کو خصوصی فائدہ ہو گا ۔ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی جونیئر ٹیچر کو 7000روپے جبکہ سینئر سکول ٹیچر کو 8ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ادا کرے گی ۔ اسی طرح ان اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کمیونٹی سکولوں میں طالب علموں اور اساتذہ کے لئے پینے کے صاف پانی وٹائلٹ کی سہولیات کے علاوہ خوشگوار تعلیمی ماحول بھی مہیاکیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تعلیمی پارٹنر شپ کی بدولت بہاول پور ، بہاول نگر اور رحیم یار خاں کے بے وسیلہ و نادار طالب علموں کی مفت تعلیم کی راہ ہموار ہوئی ہے۔اس موقع پر ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اقبال حسین نے بتایا کہ چولستان میں واقع 75 کمیونٹی سکولز لٹریٹ چولستان پراجیکٹ کے تحت چلائے جا رہے تھے ، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ان سکولوں کو اب پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے چلایا جائے گا۔ آخر میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ایم ڈی (فنانس) سلمان انور ملک کی طرف سے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ان کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کی تنخواہوں اور دیگر تعلیمی اخراجات کے لئے ساڑھے 11لاکھ روپے کا چیک دیا گیا ۔

مزید : تعلیم و صحت


loading...