جنوبی ایشیاءمشترکہ اقدار کا حامل ہے، پولیو اور امن و امان کا مسئلہ ہمارا پیدا کردہ نہیں: ممنون حسین

جنوبی ایشیاءمشترکہ اقدار کا حامل ہے، پولیو اور امن و امان کا مسئلہ ہمارا ...
جنوبی ایشیاءمشترکہ اقدار کا حامل ہے، پولیو اور امن و امان کا مسئلہ ہمارا پیدا کردہ نہیں: ممنون حسین

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاءمشترکہ اقدار کا حامل ہے، پاکستان آئندہ پانچ سال میں خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا، محنت کشوں کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ لاہور میں جنوبی ایشیاءکے محنت کشوں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہا کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلے علاقائی تعاون خوش آئند ہے، باہمی تعاون سے لاکھوں افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، جنوبی ایشیاءکے ممالک امن و انصاف اور رواداری کیلئے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے جس کا انعقاد ہوا ہے اور یہ ایک اہم پیش رفت ہے، امید کرتا ہوں کہ اس ابتداءکو یہیں پر ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور سارک ممالک سے باقاعدہ رابطہ رکھ کر اس طرح کی کانفرنسز آئندہ بھی منعقد ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی کانفرنسز سے ایک دوسرے کے خیالات سے آگاہی ملتی ہے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور اسی طرح سے قومیں آگے بڑھتی ہیں۔ ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کا مسئلہ ہمارا پیدا کردہ نہیں، پولیو کے باعث پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی بات کرنے والے ممالک کو یہ بتانا چاہئے کہ پولیو کا مسئلہ ہم نے پیدا نہیں کیا بلکہ اس جنگ کی وجہ سے پیدا ہوا ہے جو اس خطے میں ہم نے نہیں بلکہ دوسروں نے شروع کی اور جھیل ہم رہے ہیں ۔ ملک میں امن و امان کا مسئلہ بھی ہمارا پیدا کردہ نہیں بلکہ ان وجوہات کی بنیاد پر ہے جو دوسرے ممالک نے اس خطے میں پیدا کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں ہمارے لوگوں کو جب بھی موقع ملے بین الاقوامی سطح پر اپنے احساسات سے لوگوں کو آگاہ کرنا چاہئے اور بتانا چاہئے کہ جو الزامات ہم پر لگائے جاتے ہیں وہ درست نہیں ہیں۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہا کہ وہ اس پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لیکن ابھی بھی کچھ لوگ پاکستان کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی گھناﺅنی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا سفر مضبوط ہونا شروع ہو گیا ہے اور انشاءاللہ اس کے فوائد ملک اور قوم کو ملتے جائیں گے ۔

مزید : لاہور /اہم خبریں


loading...