شاہد نذیر کا معین خان کو عدالت لے جانے کا اعلان

شاہد نذیر کا معین خان کو عدالت لے جانے کا اعلان

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد نذیر نے قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور چیف سلیکٹر معین خان کے خلاف واجبات کی عدم ادائیگی پر عدالت جانے کا اعلان کر دیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی تیز باو¿لر اور آئی سی ایل میں شریک کھلاڑیوں میں سے ایک شاہد نذیر نے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لاہور ہائی کورٹ میں معین خان کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے کیونکہ آئی سی ایل میں ان کھلاڑیوں کا رابطہ معین خان نے کروایا تھا اور اس سلسلے میں انہیں 15 فیصد کمیشن بھی ادا کیا گیا تھا لیکن اب تک واجبات کی ادائیگی نہیں کروائی گئی، شاہد نذیر نے الزام لگایا کہ ٹیکس ریٹرن کی صورت میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم معین نے اپنے کھاتے میں تو منتقل کروالی لیکن کھلاڑیوں کو نہیں دی۔ شاہد کے مطابق معین خان اس امر کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ٹیکس ریٹرن کی رقم ان کے بینک کھاتے میں موجود ہے۔15 ٹیسٹ اور 17 ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شاہد نذیر نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ سال اپنے وکیل کے ذریعے معین خان کو قانون نوٹس بھیجا تھا جس پر عمران نذیر، ارشد خان، ریاض آفریدی،شبیر احمد، عمران فرحت، ہمایوں فرحت سمیت متعدد کھلاڑیوں کے دستخط تھے اور سابق کپتان انضمام الحق، محمد سمیع اور حسن رضا نے بھی اس سلسلے میں یقین دہانی کروائی تھی کہ مقدمہ دائر ہونے کی صورت میں وہ بھی ہمارا ساتھ دیں گے لیکن اب حیران کن بات یہ ہے کہ اک ایسے شخص کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، جو کھلاڑیوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتا رہا۔ اب کیسے امید کی جاسکتی ہے کہ معین خان کی تقرری کھیل اور کھلاڑیوں کے مفاد میں ہوگی۔شاہد نذیر نے کہا کہ وہ اپنے حق کے لیے آئندہ ماہ معین خان کے خلاف باقاعدہ عدالتی کارروائی شروع کریں گے اور اس سلسلے میں اپنے وکیل کے ہمراہ جلد نیوزکانفرنس کریں گے ۔یاد رہے کہ سابق وکٹ کیپر بلے باز معین خان 2007ءمیں شروع ہونے والی انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل ) میں پاکستان کی لاہور بادشاہ کی ٹیم کے کوچ اور منیجر تھے ۔

مزید : کھیل


loading...