ملائیشین ائیر لائینز کے حکام کی زندگی تنگ
بیجنگ (بیورورپورٹ) ملائیشیا کے لاپتہ ہونے والے طیارے کے مسافروں کے لواحقین ہر گزرتے دن کے ساتھ جہاں غم اورمایوسی کی شدت میں اضافہ محسوس کررہے ہیں وہیں کچھ لواحقین تشددکی طرف بھی مائل ہورہے ہیں۔ بیجنگ کے ایک ہوٹل میں جہاں ان لواحقین کو ایئرلائن کی طرف سے ٹھہرایا گیا ہے جمعرات کے روز ایئرلائن کے عملے کے کچھ افراد کا گھیراؤ کرلیا گیا۔ مشتعل لواحقین نے عملے کے افراد کو دس گھنٹے تک محبوس رکھا، اس سے پہلے بھی عملے کے ایک فرد کو حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ لاپتہ مسافروں کے رشتہ دار حکام کی طرف سے کوئی بھی معلومات فراہم کرنے میں ناکامی پر غصے اور اشتعال کا مظاہرہ کررہے ہیں اور جلد از جلد پیاروں کے بارے میں معلومات کا مطالبہ کررہے ہیں۔