حرمین شریفین کے تحفظ کے نام پر ریالوں کی تجارت ہو رہی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

حرمین شریفین کے تحفظ کے نام پر ریالوں کی تجارت ہو رہی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

  



لاہور( نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے نام پر ریالوں کی تجارت کی جارہی ہے حالانکہ اس وقت حرمین شریفین کو کوئی خطرہ نہیں بے لگام لوڈ شیڈ نگ نے قوم کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے پنجاب حکومت نے اہلسنّت دشمنی کی ہر حد عبور کر لی ہے پنجاب کے ظالم اور متکبر حکمران سیاسی مخالفین کے خلاف ریاستی طاقت کا بے رحمانہ استعمال کررہے ہیں۔قومی ایکشن پلان کی آدھی شقوں پر بھی عمل نہیں ہو ا حکومت دہشتگردوں اور فرقہ پرستوں کی بیرونی فنڈنگ روک سکی اور نہ ہی دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو پکڑا ہے۔کالعدم تنظیمیں نام بدل کر پورے ملک میں کام کررہی ہیں۔ خطیب لال مسجد کی عدم گرفتا ری قومی ایکشن پلان کی کامیابی پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت کی دو سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ حکومتی کارکردگی سے عوام بیزار ہے۔ الزام اور انتقام کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ چند خاندانوں نے زر اور زور کے ذریعے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم المساجد پاکستان کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ممبرو محراب سے قوم کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دینے کی ضرورت ہے۔ سنی اتحاد کونسل دہشتگردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی بیرونی مذہبی مداخلت بند کئے بغیر فرقہ واریت ختم نہیں ہو سکتی قو م کی توقعات اور حکومتی اقدامات میں فاصلہ بڑھتا جارہا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1