بد ترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،میاں مقصود

بد ترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،میاں مقصود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بد ترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کیاانھوں نے کہا کہ حکومتی ارکان اسمبلی اور اپوزیشن ارکان ا س اہم مسئلہ پر اس شدت سے نہیں بولتے جس کی عوام ان سے توقع رکھتے ہیں البتہ میڈیا کبھی کبھار مہنگائی کو بھی موضوع بناتا ہے۔ لیکن اکثر وبیشتر اس کے بھی موضوعات دوسرے ہوتے ہیں ادھر غریب آدمی کو مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیاجارہا ہے وہ دن بدن زندہ درگو ر ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومتیں تو ہمیشہ اپنی کامیاب پالیسیوں کے چرچے کرتی ہیں لیکن عوام الناس کے پاس حکومتی کارکردگی کو جانچنے کا ایک پیمانہ ہے اور وہ اشیائے صرف کی قیمتیں ہوتی ہیں۔ موجودہ حکومت سے عوام نے توقع باندھی تھی کہ ان کے آنے سے اور کچھ نہ ہو معاشی استحکام ضرور آئے گا اور مہنگائی کے بے قابو جن کو کسی بوتل میں بند کرکے مہنگائی سے قدرے نجات مل جائے گی لیکن ہوا اس کے برعکس۔ انھوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی کئی وجوہات کے ساتھ ساتھ اہم ترین اور بنیادی وجہ سودی معیشت کا ناگزیر سمجھنا ہے اور حکومت نے اس کے خاتمے کو اپنی انا کامسئلہ بنالیا ہے ۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے بڑھنے میں جی ایس ٹی میں اضافہ، آئی ایم ایف سے قرضہ،قرضوں کی معیشت ،بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار، پرائس کنٹرول سے بے اعتنائی اور کرپشن اور شاہانہ اخراجات جیسے اقدامات کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔