چین سے قنگ ڈاؤ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کا دس رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا

چین سے قنگ ڈاؤ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کا دس رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا

  



لاہور (پ ر)پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی کی دعوت پر چین سے قنگ ڈاؤ (Quingdao) چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کا دس رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔شاہ فیصل آفریدی نے بتایاکہ یہ وفد پاکستا ن میں ٹاؤن پلاننگ، ہینڈی کرافٹس اور ایجوکیشن کے شعبہ میں مشترکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم فیصلے کرنے کیلئے پاکستان آیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان فیصلوں میں مدد کیلئے پاک چین جوائینٹ چیمبر اور کینال گارڈن ہاوسنگ سوسائٹی کے اشتراک سے کینال گارڈن میں پیر 27 اپریل کو ’’پاک چائنہ ٹاؤن پلاننگ ایگزیبشن ‘‘منعقد کی جارہی ہے جو کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ایگزیبشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی وفد کیلئے اسی طرح پنجاب سمال اینڈسٹریز کے تعاون سے ہینڈ ی کرافٹس کے شعبہ میں چینی اشتراک کو تیز تر کرنے کیلئے پنجاب میں تیار ہونے والی دستکاریوں کی ایک نمائش کا اہتمام بھی کیا جارہاہے۔شاہ فیصل آفریدی نے بتا یا کہ چین کے کاروباری برادری نے اپنے صدر کے حالیہ دورہءِ پاکستان کا خیر مقد م کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں رواں سال کے دوران چینی سرمایہ کاروں اور ماہرین بڑی تعداد میں پاکستان آنا شروع کر رہے ہیں جو کہ مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں طویل مدت تک پاکستان میں قیام کریں گے اور قنگ ڈاؤ چیمبر کا وفد اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اس وفد میں ٹاؤن پلاننگ کے سنجیدہ چینی سرمایہ کار اور ماہرین شامل ہیں جو کہ پاکستان ، بالخصوص لاہور میں چینی ماہرین اور صنعتکاروں کیلئے ایک خصوصی چائنہ ٹاؤن کی تعمیر کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے امید کہ مذکورہ چینی وفد ایجوکیشن اور ہینڈی کرافٹس کے شعبہ میں بھی نتیجہ خیز فیصلے کرے گا۔ انہوں نے توقع کی کہ اس حوالے سے پاک چائنہ ٹیکنالوجی یونیورسٹی، پاک چائنہ مشترکہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ چند دیگر منصوبوں سے متعلق فیصلہ کن تجاویز تشکیل پائیں گی۔  وردہ گوہر( میڈیا مینیجر )

مزید : کامرس


loading...