پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجازکی ایشاء پیسیفک کوالٹی نیٹ ورک انٹر نیشنل کانفرنس میں شرکت
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز نے کمنگ چائنہ میں منعقدہ ایشاء پیسیفک کوالٹی نیٹ ورک انٹر نیشنل کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے "Achieving Performance Excellence in Higher Education Institutes of Pakistan through QECs"کے موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ تقریب میں دنیا بھر سے کوالٹی پروفیشنلز، ریسرچرز اور کوالٹی اشورنس باڈیز کے سربراہان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے مقالے میں ڈاکٹر عامر اعجاز نے فروغِ تعلیم کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کئے گئے اقدامات اور کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کے اثرات بیان کئے۔ انہوں نے مختلف کوالٹی اشورنس ماڈلز اور تحقیق پر مبنی نتائج سے وضاحت کی کہ کون سے عوامل ہیں جو اعلیٰ تعلیم کے فروغ، فیکلٹی ڈیویلپمنٹ ، موثر لیڈرشپ اور یونیورسٹیوں میں کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔شرکاء کی جانب سے ڈاکٹر عامر کے تحقیقی مقالے کو خوب سراہا گیا اور ساتھ ہی اسے یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے نئے رجحانات کے مترادف قرار دیا۔