ایل او ایس فیروز پور روڈ سے ملتان روڈ تک 2 کلومیٹر طویل سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی گئی
لاہور(اپنے خبر نگار سے)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ایل او ایس فیروز پور روڈ سے ملتان روڈ تک 4ارب35کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ 2 کلومیٹر طویل سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے جس سے ابتدا میں روزانہ70ہزار گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔یہ لاہور میں اپنی نوعیت کی پہلی سڑک ہے جو40فٹ سے60فٹ تک چوڑی ڈرین کو ڈھانپ کر تعمیر کی گئی ہے۔ ملتان روڈ اور فیروز پور روڈ کو آپس میں ملانے وا لی یہ دو رویہ سڑک دونوں اطراف سے 11میٹر چوڑی اور تین تین لین پر مشتمل ہے ۔ دونوں طرف سڑک کے کنارے کار پارکنگ کی سہولت اور فٹ پاتھ تعمیر کئے گئے ہیں ‘ سڑک پر جدید لائٹس نصب کی گئی۔ اور ڈرین کی ڈی سلٹنگ کے لئے خصوصی چیمبر بنایا گیا ہے ۔ منصوبے کے تحت سڑک پرپودے بھی لگائے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ منصوبہ تھاجس کی تکمیل کے دوران ایل ڈی اے کو متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ۔