تقریبات یوم اقبالؒ میں طلبا وطالبات کے مابین انعامی مقابلہ

تقریبات یوم اقبالؒ میں طلبا وطالبات کے مابین انعامی مقابلہ

  



 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں شاعر مشرق‘ حکیم الامت، مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبالؒ کے 77 ویں یوم وفات کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات یوم اقبالؒ کے دوران سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات کے مابین انعامی مقابلۂ مصوری بعنوان’’علامہ محمد اقبالؒ اور شمع، یا علامہ محمد اقبالؒ اور شاہین ، یا علامہ محمد اقبالؒ اور قلم‘‘ منعقد ہو ا۔ اس مقابلے میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لے کر مفکر پاکستان سے اپنی والہانہ عقیدت کا ثبوت دیا۔ مقابلے کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانے سے ہوا۔اس پروگرام کی صدارت ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل ذوالفقار علی زلفی نے کی جبکہ مقابلے کے منصفین کے فرائض محمد شاکر،صلاح الدین،منیر مانی اور ایم بلال ساحل نے انجام دیئے۔ذوالفقار علی زلفی نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کی تصاویر بنانا کسی بھی آرٹسٹ کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔    اس طرح کے مقابلے سے طلبہ میں جذبۂ حب الوطنی اُجاگر ہوتا ہے اس کام سے نہ صرف اس عظیم شخصیت سے طلبا و طالبات کی محبت اُجاگر ہوتی ہے بلکہ ان کی حیات و خدمات سے آگہی حاصل کرنے کی جستجو بھی بیدار ہوتی ہے۔منصفین کے مرتب کردہ نتائج کے مطابق سکولوں کی طالبات کے مابین ہونیوالے مقابلے میں قراۃ العین نے اول، روشنا شاہ نے دوم اور عمامہ طارق نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ زرناب نذر اور حرا آصف کو خصوصی انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ سکولوں کے طلبہ کے مابین ہونیوالے مقابلے میں ارسلان ارشد نے اول، تنزیل الرحمن نے دوم اور دانش احمد نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد حاشر احمد گھمن اورمحمد نوازنے خصوصی انعامات حاصل کیے۔ کالجز کے طلبا و طالبات میں ہونیوالے مقابلے میں کومل اشفاق نے اول، عثمان خالد نے دوم اور زیب النساء نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ ماہم ملک ،حلیمہ نعیم اور تحریم فاطمہ کو خصوصی انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔نقش سکول آف آرٹ کے طلبا و طالبات کے مابین ہونیوالے مقابلے میں محمد احمد نے اول، سید وقاص حیدر نے دوم اور سحرش سلیم نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ ایمان خوشی، ملیحہ ثناء اللہ اور ذیشان بدر نے خصوصی انعام حاصل کیا۔ تقریبات یوم اقبالؒ کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...