دہشت گردوں کے متعلق چودھری نثار کا انتباہ

دہشت گردوں کے متعلق چودھری نثار کا انتباہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد ختم نہیں ہوئے، حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں قوم متحد ہو کر مقابلہ کرے،۔۔۔ چودھری نثار کئی روز سے ایسی باتیں کر رہے ہیں، اِس سے پہلے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ختم نہیں ہوئے،بلکہ وہ اپنے ٹھکانے چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔ چودھری نثار علی خان کا یہ انتباہ اگر قوم کو جگانے کے لئے ہے تو بہت ہی بروقت ہے اور پوری قوم کو دہشت گردوں سے مقابلے کے لئے متحد ہو جانا چاہئے اور اپنے گردو پیش پر نظر رکھنی چاہئے، دہشت گرد اگر حملوں کی دوبارہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو بھی اس کا تدارک وزارتِ داخلہ کا کام ہے، فوج تو ایک مخصوص علاقے میں کارروائی کر رہی ہے، جہاں سے دہشت گردوں کے خاتمے(یا فرار؟) کی اطلاعات ہیں۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ لوگ فرار ہو کر کہاں گئے ہیں اور کہاں بیٹھ کر وارداتیں کر رہے ہیں یا کس کمین گاہ میں چھپ کر منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس کا سدِ باب بنیادی طور پر بہرحال ان اداروں ہی کا کام ہے، جوچودھری نثار علی خان کی وزارت کے ماتحت ہیں، اس لئے اُن پر براہ راست یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردوں کے نئے ٹھکانوں کا سراغ لگائیں اور آگے بڑھ کر اُن کا خاتمہ کریں، جہاں تک قوم کا تعلق ہے وہ تو ہر لحاظ سے تعاون کر رہی ہے، اِسی تعاون کی وجہ سے لاکھوں لوگوں نے گھر بار چھوڑا اور دربدر ہو کر موسم کی سختیاں برداشت کیں، قوم مزید سختیاں بھی برداشت کر سکتی ہے، لیکن خود چودھری صاحب کو اپنی اداؤں پر ذرا غور کرنا چاہئے، جن کے بارے میں ایسی اطلاعات آتی رہتی ہیں کہ وہ وزیراعظم اور اُن کے بعض ساتھیوں سے خوش نہیں۔ اگرچہ وزیراعظم نے خود تو ایسی اطلاعات کی تردید کی ہے، لیکن چودھری نثار کا طرزِ عمل اس بات کی نشاندہی ضرور کرتا ہے کہ اندر خانے کوئی نہ کوئی بات ضرور ہے جو اُنہیں ناراض رکھتی ہے۔  پاک فوج نے جہاں جہاں کارروائیاں کی ہیں وہاں سے دہشت گرد یا تو ختم کر دیئے ہیں یا پھر وہ خود چھپ چھپا کر اِدھر اُدھر ہو گئے ہیں، لیکن کامیاب فوجی کارروائیوں کے بعد سویلین اداروں کو زیادہ بہتر انداز میں اپنی ذمے داریاں نبھانی چاہئیں، انتظامی افسروں کو نگرانی کے فرائض زیادہ بہتر انداز میں ادا کرنے چاہئیں۔ فوج جہاں کہیں بھی کارروائیاں کر رہی ہے اُسے بہرحال اپنے کامیاب آپریشن کے بعد واپس آنا ہے اور سول انتظامیہ کو مستقل انتظام سنبھالنا ہے۔ چودھری نثار علی خان اگر یہ کہتے ہیں کہ دہشت گرد جوابی حملے کی تیاریاں کر رہے ہیں ،تو اُن کے پاس اطلاعات ہوں گی، اِس لئے وہ اپنے اداروں کو چوکس کریں اور دہشت گردوں کے کوئی اقدام کرنے سے پہلے انہیں تلاش کر کے اُن کا خاتمہ کریں۔

مزید :

اداریہ -