دہشتگردی کے خاتمے کیلئے برطانیہ کا تعاون قابل ستائش ہے ‘ نواز شریف

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے برطانیہ کا تعاون قابل ستائش ہے ‘ نواز شریف

  



 لندن (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہفتہ کو بعداز دوپہر برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے 10 ڈاؤئننگ سٹریٹ میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے معاملات سمیت عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات حالیہ سالوں میں مزید مستحکم ہوئے ہیں اورآئندہ سالوں میں بالخصوص تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعلقات میں مزید استحکام اور اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی اور کہاکہ برطانیہ اس حوالہ سے تعاون کو جاری رکھے گا اور اس میں مزید اضافہ کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سیکورٹی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے برطانیہ کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم اس وقت برطانیہ کے وزیراعظم کی دعوت پر لندن میں ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کوئین ایلزبیتھ II، ڈیوک آف ایڈنبرا، شہزادہ فلپ، وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، نائب وزیراعظم نک کلگ اور لیبر پارٹی کے رہنما ای ڈی ملی بینڈ کے ہمراہ دیگر کئی رہنماؤں ترکی و دولت مشترکہ کے دیگر ممالک کے نمائندوں کے ساتھ (آج) ہفتہ کوگیلی پولی مہم کی صد سالہ یادگاری تقریبات میں شرکت کی۔ وزیراعظم ہاؤس کے پریس سیکرٹری کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں گیلی پولی مہم میں شامل بہادر اور جانثار فوجیوں کی جرات کی تعریف کی جن میں کئی علاقوں کے فوجی بھی شامل تھے جو اب پاکستان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ تقریب باہمی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے جذبے کو مستحکم کرے گی۔ وزیراعظم نے دولت مشترکہ کے اہم کردار کی تعریف کی جو ملکہ محترمہ کی قیادت میں اس کے رکن ممالک میں باہمی اتحاد کے فروغ کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔ سال 2015ء گیلی پولی کے صوبے پینی سولیا کے کینی کیلی علاقے میں لڑی جانے والی جنگ کی صد سالہ یادگار کے طور پر منایا جا رہا ہے جس میں پہلی عالمی جنگ میں ترکوں سمیت دیگر ممالک کے شہریوں نے بھرپور حصہ لیا تھا۔ وزیراعظم نے گیلی پولی مہم کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

مزید : صفحہ اول


loading...