سید علی گیلانی کی کال پر وادی بھر میں احتجاج،جھڑپیں

سید علی گیلانی کی کال پر وادی بھر میں احتجاج،جھڑپیں

  



 سرینگر(اے این این)مسرت عالم کی گرفتاری بھارت کے گلے پڑ گئی ،سید علی گیلانی کی کال پر وادی بھر میں احتجاج ،جھڑپیں ،قابض فورسز پر پتھراؤ، قابض فورسز کی بھاری نفری کی موجودگی میں مقبوضہ وادی ایک بار پاکستان کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ چیئرمین مسرت عالم کی گرفتاری کیخلاف جمعہ کو سرینگر، سوپور،ترال،پلوامہ اور وادی میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ سوپور میں احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں کے دوران پولیس نے شلنگ کی ۔چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے مسرت عالم کی گرفتاری اور ان پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرنے کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کی تھی اور بار ایسوسی ایشن سمیت کئی علیحدگی پسند جماعتوں نے اس کی حمایت کی تھی۔مسجد حمزہ امیراکدل میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیااور مسرت عالم کو رہا کرنے کے حق میں نعرے بلند کئے گئے۔ سینئر حریت کارکن امیتاز حیدر کی قیادت میں کئے گئے اس احتجاج میں شرکانے گرفتاری کے خلاف اور آزادی اور اسلام کے حق میں نعرے لگائے ۔اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے احتجاج میں شامل لوگوں نے نعرہ بازی کرکے جلوس نکالنے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی ۔قرفلی محلہ حبہ کدل اورکنہ کدل میں بھی نماز جمعہ کے بعد لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے جس دوران احتجاج میں شامل لوگ مسرت کو رہا کرنے اور پاکستان کے حق میں میں نعرے لگا رہے تھے ۔اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ لئے احتجاج میں شامل لوگوں نے جب جہانگیر چوک کی جانب پیشقدمی کی تو پولیس نے انہیں ٹنکی پورسے آگے جانے کی اجازت نہیں دی ۔سوپور میں جامع مسجد سے احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں شامل لوگ مسرت عالم کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگا رہے تھے ۔جلوس میں شامل لوگوں نے جب پیشقدمی جاری رکھی تو پولیس نے انہیں مین مارکیٹ میں روکنے کی کوشش کی جس کے بعد مشتعل نوجوانوں اور پولیس کے مابین جھڑپیں ہوئیں اور اس کے ساتھ ہی مین چوک اور مین بازار میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند ہوگئے ۔ پلوامہ ،اننت ناگ ، ریشی بازار،نارہ بل بڈگام میں احتجاجی ریلیاں اور جلوس نکالے گئے یہاں بھی مقبوضہ فورسز اور کشمیریوں میں جھڑپیں ہوئی ۔حریت رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جلد مقبوضہ کشمیر سے دیوانہ وار بھاگ کھڑا ہوگا ۔ مقبوضہ کشمیر

مزید : علاقائی