مقدمہ قتل کے ملزم سمیت سپین سے 54 پاکستانی ڈی پورٹ
راولپنڈی(ویب ڈیسک) سپین میں غیر قانونی مقیم54 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیاگیاجبکہ قتل کیس میں مطلوب ایک ڈی پورٹی کوائرپورٹ سے گوجرانوالہ پولیس کے حوالے کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق سپین نے غیر قانونی مقیم 54 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرتے ہوئے گزشتہ روزخصوصی پروازکے ذریعے وطن واپس بھجوادیا۔بے نظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچنے پر امیگریشن حکام نے مظہراقبال بٹرکو اپنی تحویل میں لے لیا جس کے خلاف گوجرانوالہ میں30 اپریل 2012 کو قتل کا مقدمہ نمبر307/2012 درج کیاگیاتھا لیکن وہ بیرون ملک فرارہوگیا تھا۔امیگریشن حکام نے بعدازاں اسے گوجرانوالہ پولیس کے حوالے کردیاہے۔