فلم’’ revenge of worthless‘‘(بدل)کی میوزک لانچنگ تقریب
لاہور(فلم ر پورٹر)اداکارجمال شاہ کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم’’ revenge of worthless‘‘(بدل)کی میوزک لانچنگ تقریب گزشتہ روز سپر سینما رائل پام اینڈ کنٹری کلب میں ہوئی جس میں فلم کے نمایاں فنکاروں اور دیگر نے شرکت کی جن میں جمال شاہ،شامل خاں،ایوب کھوسہ،مائرہ خان،فردوس جمال،زوہیب اختر،آمنہ شاہ اور عامر تحسسین راؤ شامل ہیں۔اس موقع پر فلم کا ٹریلر بھی دکھایا گیا ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمال شاہ نے بتایا کہ ڈائریکٹر کی حیثیت سے یہ میری پہلی فلم ہے جسے ’’سمٹ انٹرٹینمنٹ‘‘کے تعاون سے 22 مئی کو ملک بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔میری خواہش ہے کہ یہ فلم بھارت اورافغانستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ریلیز ہو کیونکہ اس کا موضوع بہت اہم ہے جس کے ذریعے دنیا کو حقیقت بتانے میں مدد مل سکتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فلم میں سوات میں 2009 میں ہونے والے حقیقی واقعات کو موضوع بنایا گیا ہے اور اس کی شوٹنگ کی حقیقی لوکیشنز پر کی گئی ہے جس دوران بہت سی مشکلات پیش آئیں لیکن تمام ٹیم ممبران نے بہت محنت سے کام کیا۔اس فلم کا مقصد اپنے ثقافتی اور معاشرتی ورثے کی حفاظت کرنا ہے کیونکہ مذہب کے نام پر بعض بھٹکے ہوئے افراد نے معصوم لوگوں کو ورغلانے اور بہکانے کی کوشش کی۔جب فلم کی کاسٹنگ کی جارہی تھی تو کئی فنکاروں نے کام سے انکار کردیا تھا کیونکہ فلم کا موضوع بہت ہی حساس ہے۔ایک سوال کے جواب میں جمال شاہ نے بتایا کہ فلم میں میوزک کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے اسے مہدی رضا نے کمپوز کیا،کاسٹیوم ماریہ بی اور قمر نے ڈیزائن کئے ہیں۔ مشکلات کے حوالے سے یہ سب سے بڑی فلم ہوگی ،میں خاص طور پر شیخ رمضان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے فلم کی ریلیز کے لئے بہت تعاون کیا۔اداکار فردوس جمال نے کہا کہ جمال شاہ نے ثابت کیا ہے کہ اتنا مشکل کام صرف وہی کرسکتے ہیں۔