کویت نے فلپائنی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا

کویت نے فلپائنی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا
کویت نے فلپائنی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) کویت نے فلپائنی سفیر کو حکم دیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندرملک چھوڑ دیں۔ کویت نے منیلا میں موجود اپنے سفیر کو مشاورت کیلئے وطن بلایا۔

یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

کویتی دفتر خارجہ نے بدھ کو اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ کویت میں متعین فلپائنی سفیر نے جو کچھ کیا اس کے باعث وہ ناپسندیدہ شخصیت بن گئے ہیں۔ انہوں نے1961ءکے دوران سفارتی تعلقات کے لئے طے شدہ ویانا معاہدے کی دفعہ 9کی خلاف ورزی کی ہے۔

کویتی دفتر خارجہ نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کویت میں فلپائن کے سفارتخانے نے جو کچھ کیا وہ قابل مذمت ہے۔ کویت اسے مسترد کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ فلپائنی سفیر نے سفارتی قواعد و ضوابط کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ سفارتکاروں نے دیگر افراد کے تعاون و اشتراک سے فلپائنی ملازماﺅں کو اسمگل کرکے کویتی قوانین اور بین الاقوامی روایات اور دستاویزات کو کھلا چیلنج کیا اس طرح وہ کویت کے اندرونی امور میں مداخلت کے مرتکب ہوئے۔

کویتی دفتر خارجہ نے فلپائنی عہدیداروں کے ان بیانات پر بھی نکتہ چینی کی جن میں واضح کیا گیا تھاکہ فلپائنی دفتر خارجہ کویت سے گھریلو ملازماﺅں کو نکالنے کی غرض سے 7ٹیمیں کویت بھیج رہی ہے۔ حکومت کویت کا کہناہے کہ اس قسم کے بیانات اورتصرفات بین الاقوامی روایات او راصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کویتی دفتر خارجہ ان بیانات کے اجراءکے بعدفلپائنی سفیر کو 2مرتبہ طلب کرکے احتجاجی یادداشتیں پیش کرچکا ہے۔

حکومت کویت نے زور دیکر کہا کہ وہ ملک کی خود مختاری کے خلاف کسی بھی تصرف کا جواب دیگی اور اس حوالے سے اپنا فرض پورا کریگی۔ دفتر خارجہ نے بیان کے آخر میں اس عزم کاا ظہار کیا کہ دونوں ملک تاریخی اور گہرے تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلے کو حکمت اور فراست سے حل کرلیں گے اور منفی ابلاغی اشتعال انگیزی سے پرہیز کیا جائیگا۔

مزید :

عرب دنیا -