آپ نے شادی کے بعد لڑکیوں کو باپ کی جگہ شوہر کا نام تو اپنے نام کے ساتھ لگاتے دیکھا ہوگا لیکن اب نئے شادی شدہ جوڑوں نے کس کا نام ساتھ لگانا شروع کردیا، ایسا رواج زور پکڑگیا کہ آپ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے
اونٹاریو(نیوز ڈیسک)ہمارے ہاں پرانی روایت ہے کہ شادی کے بعد خواتین باپ کی بجائے شوہر کے نام کو اپنے نام کا حصہ بنا لیتی ہیں۔ اہل مغرب میں بھی کچھ اسی طرح کی روایت چلتی رہی ہے، مگر اب نئے دور میں ایک اور ہی طرح کا رجحان جڑ پکڑنے لگا ہے۔ کینیڈا میں کی گئی ایک تحقیق میں پتا چلا ہے کہ اب بیوی کے ساتھ میاں بھی نام بدل رہا ہے۔ مزید حیرت کی بات یہ ہے کہ نئے نام کا تعلق شوہر کے خاندان سے ہوتا ہے نا بیوی کے خاندان سے، بلکہ یہ ایک نئی ایجاد ہوتی ہے۔
ویب سائٹ CBC.CAکے مطابق یہ اعدادوشمار دستیاب نہیں ہے کہ کتنے لوگ یہ کام کررہے ہیں کیونکہ اونٹاریو منسٹری آف گورنمنٹ اینڈ کسٹمرز سروسز کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ جس کے ذریعے یہ جانا جا سکے کہ میاں اور بیوی دونوں نے ایک ساتھ اپنے نام میں کوئی تبدیلی کر لی ہے۔
ماہر عمرانیات جوڈتھ ٹیلر کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں یہ رجحان اس وقت کتنا مقبول ہوگیا ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ نوجوانوں کے ذہن میں یہ بات ضرور موجود ہے۔ اپنے نام میں اسی طرح کی تبدیلی کرنے والی خاتون زوزو میراکیولا نے بتایا کہ ”جب میں نے 2009ءمیں جیف ہاروے نامی نوجوان سے شادی کی تو میں نے بھی روایت کے مطابق اپنے نام کے ساتھ شوہر کے خاندان کا نام یعنی ہاروے لگایا تھا۔ بعدمیں مجھے احساس ہوا کہ یہ درست نہیں۔ میں نے اپنے اور اپنے خاوند کے خاندانی نام سے ہٹ کر ایک نیا نام ایجاد کرنے کے بارے میں سوچا۔ ہم دونوں نے سوچا کہ ہمیں ہیلووین کا تہوار بہت پسند ہے تو کیوں نا اپنا خاندانی نام ’ہیلو‘ رکھ لیں یا پھر ’ماروے‘ رکھ لیں، جو کہ ہم دونوں کے خاندانی ناموں کا مجموعہ ہے۔ بالآخر ہمارا اتفاق ’میرا کیولا‘ پر ہوا۔ میں نے اپنے نام کے ساتھ ہاروے کی جگہ ’میراکیولا‘ لگا لیا اور بعد میں میرے شوہر نے بھی اپنا خاندانی نام چھوڑ کر یہی نام اپنے نام کا حصہ بنا لیا۔ اس کا مطلب ’کرشماتی اور خوبصورت‘ ہے۔ اب ہمارے دونوں بچوں کے نام کے ساتھ میرے یا جیف کے خاندان کا نام نہیں بلکہ ایک نیا نام یعنی ’میراکیولا‘ لگا ہوا ہے۔“