شریف خاندان کے چند غیر سیاسی افراد وزیراعظم عمران خان سے رحم کی بھیک مانگ رہے ہیں:حامدمیر

شریف خاندان کے چند غیر سیاسی افراد وزیراعظم عمران خان سے رحم کی بھیک مانگ رہے ...
شریف خاندان کے چند غیر سیاسی افراد وزیراعظم عمران خان سے رحم کی بھیک مانگ رہے ہیں:حامدمیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آن لائن ) سینئر صحافی حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ شریف خاندان کے چند غیر سیاسی افراد وزیراعظم عمران خان سے رحم کی بھیک مانگ رہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی قیادت کے نمائندے بھی معافی تلافی کی کوششوں میں مصروف ہیں، وزیراعظم عمران خان کے پاس واٹس ایپ پیغامات کی صورت میں ٹھوس ثبوت موجود ہیں جنہیں وہ کسی بھی وقت منظر عام پر لے آئیں گے، صدارتی نظام کا شوشہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) شجاع پاشا کی اختراع ہے، فی الوقت یہ غیر ضروری بحث اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے شروع کی گئی ہے۔

 نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف فیملی کے چند غیر سیاسی لوگ وزیراعظم عمران خان سے رحم کی اپیلیں کر رہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے کچھ لوگ بھی اپنی قیادت کے لئے معافی تلافی حاصل کر نے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس دونوں جماعتوں کے نمائندوں کے واٹس ایپ پیغامات کی صورت میں ٹھوس ثبوت موجود ہیں جنہیں وزیراعظم عمران خان زیادہ عرصہ راز نہیں رکھ پائیں گے اور کسی بھی وقت اس حوالے سے معلومات منظر عام پر لا سکتے ہیں۔ حامد میر نے کہا کہ 2011 میں اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل شجاع پاشا نے مجھ سے ذکر کیا کہ پارلیمانی جمہوریت اورپاکستان مزید اکھٹے نہیں چل سکتے، میں نے ان سے اتفاق نہیں کیا اور ہمارے درمیان تلخ جملوں پر گفتگو کا اختتام ہوا۔ حامد میر کے مطابق صدارتی نظام کے حوالے سے زیر گردش حالیہ خبریں اور بحث جنرل شجاع پاشا کی سوچ کا تسلسل ہے، لیکن یہ صرف اور صرف اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے محض ایک شوشہ ہے کیونکہ میں نے معروف قانون دان ایس ایم ظفر سے اس بارے میں تفصیلی رائے لی توانہوں نے اسے ناممکن قرار دیا تھا، اس لئے اس وقت گن پوائنٹ کے علاوہ جمہوری طریقے سے صدارتی نظام کا نفاذ ممکن نہیں ہے۔