گندم خریداری، شکایات کا ازالہ کریں

گندم خریداری، شکایات کا ازالہ کریں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


گوجرانوالہ ضلع میں گندم کی کٹائی مکمل ہو گئی، تاہم کسان تاحال منتظر ہیں کہ فصل کو سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کے لئے خریداری مراکز کو دے سکیں، شکایت یہ کی گئی ہے کہ ابھی تک ضلع میں نہ تو یہ مراکز بنے اور فعال ہوئے ہیں اور نہ ہی بار دانہ دیا گیا ہے۔ایسی ہی شکایات بعض دوسرے اضلاع سے بھی ملی ہیں،پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے چیچہ وطنی میں گندم کی کٹائی کا افتتاح کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مسائل سے آگاہ ہے اور گندم کا دانہ دانہ خریدے گی۔وزیراعلیٰ کا جذبہ اپنی جگہ تاہم ان کو معلومات بھی حاصل کرنی چاہیے تھیں کہ محکمہ زراعت نے باردانہ کی تقسیم اور گندم خریدنے کا پورا انتظام کر لیا ہے؟ماضی میں ہر سال یہ شکایات موصول ہوتی تھیں اور صوبائی حکومت کو اقدامات کرنے پڑتے تھے۔یہی وجہ تھی کہ سرکاری گوداموں میں فاضل گندم موجود رہی،اس بار پہلی شکایت نارووال سے ملی اور اب گوجرانوالہ سے بھی احتجاج کی خبریں آئی ہیں،اور سب کا الزام اور رُخ سرکاری عملے کی طرف ہے،اس سے وزیراعلیٰ کے اعلان کو دھچکا بھی لگتا ہے،حالانکہ وہ خود بھی زراعت پیشہ ہیں یہ اطلاع بھی موصول ہوئی کہ غیر سرکاری حضرات کم قیمت پر گندم خرید رہے ہیں۔یہ شاید کسانوں کی بدقسمتی ہے کہ سندھ سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں اور کسان پریشان ہو کر سستے داموں گندم فروخت کرنے پرمجبور ہوئے۔ہمارا ملک زراعت پیشہ ہے اور اکثریتی آبادی کا انحصار بھی زرعی پیداوار پر ہوتا ہے،اِس لئے اس اکثریتی حصے کا زیادہ خیال رکھنا ضروری ہے، جو نہیں ہوتا۔گنے کے کاشتکار اب تک پریشان ہیں تو اب گندم کے باعث بھی دُکھ جھیلیں گے۔توقع کرنی چاہئے کہ وزیر اعلیٰ اپنے اعلان کے مطابق اس صورتِ حال کا جائزہ لیں گے اور ان شکایات کا ازالہ کر کے یہ امر یقینی بنائیں گے کہ کسانوں کی فصل بروقت اٹھائی جائے اور ان کو ادائیگی پوری ہو تاکہ وہ اگلی فصل کے لئے تیاری کر سکیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -