عمران خان کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات، امدادی پیکج پر تبادلہ خیال
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے بیجنگ میں آئی ایم ایف سربراہ کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان کو فراہم کیے جانے والے پیکج کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے دوسرے روز وزیراعظم عمران خان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم سربراہ کو پاکستان میں معاشی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے بعد ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں آئی ایم سربراہ کرسٹین لیگارڈ نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں بیجنگ میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی ’ ہم نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے مکمل پالیسی پیکج اور انٹرنیشنل فنانشل سپورٹ کی فراہمی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات میں پاکستان میں گورننس کی بہتری اور غریبوں کی فلاح کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔