مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا گیا ؟ سلیم صافی نے بتادیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ بڑے گھروں اور بڑی جگہوں پر بہت چھوٹے لوگوں کو بٹھا دیا گیاہے اور وہ چھوٹے پن کا مظاہرہ کررہے ہیں، مفتاح اسماعیل کا گناہ صرف یہ تھا کہ وہ حکومت کے خلاف بولنے لگے تھے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ بڑے گھروں اور بڑی جگہوں پر بہت چھوٹے لوگوں کو بٹھا دیا گیاہے اور وہ چھوٹے پن کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کا گناہ صرف یہ تھا کہ وہ حکومت کے خلاف بولنے لگے تھے ، اس سے ثابت ہوگیا کہ ان کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر مقام کو بھی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے ،ڈی سی کو ان کے خلاف متحرک کیا گیاہے ، اس کے ٹھیکے بند کردیئے گئے ، یہ انتقام کا مظاہرہ ہے جو کبھی نیب کے ذریعے کروایا جاتا ہے اور کبھی پولیس کے ذریعے کروایا جاتاہے ۔سلیم صافی نے کہا کہ یہ ملک چلنے والانہیں ، اگر یہ ایسے ہی چلتا رہا تو پتہ نہیں کیا ہوگا ، اس کا احساس عمران خان کو بھی ہوگیاہے اور وہ اسمبلی کوتوڑنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی توجہ ہٹانے کیلئے اس قسم کے شوشے چھوڑے جارہے ہیں ، پہلے صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑا گیا ، بلاول کی تشویش اپنی جگہ پر درست ہے لیکن یہ ممکن نہیں ہے ، یہ ملک نظام کی تبدیلی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔