عرفان محسود نے بھارتی ایتھلیٹ کا ریکارڈ توڑ دیا
پشاور(آئی این پی)جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ عرفان محسود نے ’موسٹ سائیڈ لانجر‘ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔عرفان محسود بھارت کے کھلاڑی بودی سئی دیپک کا ’موسٹ سائیڈ لانجز‘ ریکارڈ توڑتے ہوئے گنیز بْک میں نام شامل کروانے میں کامیاب رہے۔بھارتی سئی دیپک نے ایک منٹ میں 59 سائڈ لانجز کئے تھے، عرفان محسود نے ایک منٹ میں 72 سائڈ لانجز کر کے ریکارڈ توڑ ڈالا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر فخر پاکستان عرفان محسود نے اپنی کامیابی کی خبر شیئر کی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔یاد رہے اس سے پہلے عرفان محسود بھی بھارت کے 6 عالمی ریکارڈز توڑ چکے ہیں، عرفان محسود اپنے نام مجموعی طور پر 28 گنیز ورلڈ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ عرفان محسود کا کہنا تھا کہ ریکارڈ توڑ کر فخر محسوس کر رہا ہوں، ملک کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ توڑنے کے لئے دن رات محنت کی، بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر پاکستان کا نام روشن کرنے پر بہت خوش ہوں اور میں نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کی ہے او ر جب بھی مجھے کامیابی ملتی ہے تو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے میں اسی طرح سے مستقبل میں بھی محنت سے کام کروں گا پاکستان کی بدولت میں نے یہ مقام حاصل کیا ہے اور اس کو برقرار رکھنا میرا فرض ہے انہوں نے مزید کہا کہ مجھے گنیز بک میں نام درج کروانے کی بہت زیادہ خوشی محسوس ہورہی ہے۔