خدمت خلق کے لئے پاک فوج کے اہم فیصلے

خدمت خلق کے لئے پاک فوج کے اہم فیصلے

  

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی کمانڈروں سے کہا ہے کہ وہ اندرونی اور بیرونی سلامتی پر خصوصی توجہ رکھیں۔انہوں نے پرنسپل سٹاف افسروں کی خصوصی کانفرنس کی صدارت کی اور مزید کہا کہ حالیہ مشکل حالات میں عوام کی مدد بھی جاری رکھیں۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کانفرنس کے بعد بریفنگ کے دوران ایک اور بڑے فیصلے کی اطلاع دی اور بتایا کہ پاک فوج نے انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس خود نہ لینے کا فیصلہ کیا اور اس الاؤنس کی رقم آج کی صورتِ حال میں کورونا کی روک تھام کے لئے خرچ کی جائے گی۔انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ آئندہ دو ہفتے بہت اہم ہیں، لوگوں کو گھروں کے اندر رہنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طبی امداد اور ضروریات کے پیش نظر میڈیکل کور کی ریزرو فورس کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، جو وبا کی روک تھام اور علاج میں تعاون کرے گی۔ ترجمان پاک فوج نے بھارت کی حکمران متعصب جماعت کی پالیسی کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ بھارتی فوج بڑے ہتھیاروں سے آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے، پاک فوج جرأت کے ساتھ جوابی کارروائی کرتی ہے۔جہاں تک پاک فوج کی دفاعی اور اندرونی امداد کا تعلق ہے تو پاکستان کی فوج کا ریکارڈ بہت شاندار ہے۔سرحدوں کی حفاظت، دہشت گردی کے خاتمے میں شہادتیں قبول کی جا رہی ہیں اور خدمات انجام دی جا رہی ہیں،اس کے علاوہ سیلاب ہو، زلزلہ ہو یا کوئی دوسری آفت پاک فوج نے ہمیشہ قوم کی بڑھ چڑھ کر خدمت کی اور اب نامعلوم جرثومے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں بھی مثالی خدمات انجام دی جا رہی ہیں اور بجا طور پر جنرل قمر جاوید باجوہ کی دلیرانہ قیادت میں افسر اور جوان برسر پیکار ہیں اور دلجمعی سے اپنے فرائض سے بھی بڑھ کر خدمات سرنجام دے رہے ہیں، پاک فوج کی طرف سے انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس خود نہ لے کر وبا کے خلاف عوامی جدوجہد کے لئے استعمال کرنا اور ریزرو میڈیکل کی طلبی بہت اچھے اور قابل ِ تعریف فیصلے ہیں، عوام فوج کو سلام پیش کرتے اور اس کی ہر محاذ پر کامیابی کے لئے دُعا گو ہیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -