حکومت طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے، ایمل ولی

حکومت طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے، ایمل ولی

  

پشاور(سٹی رپورٹر) اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے ڈاکٹر جاوید محمد کی وفات پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وباء میں ڈاکٹروں، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دن رات عوام کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں، ایسے حالات میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید محمد کی وفات صوبے کیلئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں سمیت تمام طبی عملے کی حفاظت کیلئے طبی آلات اور ضروریات کا روزاول سے مطالبہ کرتے چلے آرہے ہیں۔ اس وباء میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ طبی عملے کی حفاظت اور انکی ضروریات کو پورا کرنے میں مزید تاخیر انتہائی افسوسناک ہے۔ حکومت صرف عوام کو خبردار کررہی ہے، حالانکہ حکومت کو تمام تر انتظامات کو یقینی بنانا چاہیے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ حکومتی بے حسی، انتظام نہ ہونے اور ذمہ داری قبول نہ کرنے جیسے وجوہات نے عوام کی مایوسی میں مزید اضافہ کردیا ہے، بلاتاخیر اپنے تمام تر وسائل طبی عملے کو حفاظت پہنچانے کیلئے بروئے کار لانے ہوں گے لیکن موجودہ حکومت خواب خرگوش میں سوئی ہوئی ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، حکومت کی لاپرواہی اور عدم توجہ جاری رہی تواس ملک کو خدانخواستہ بڑی تباہی سے کوئی نہیں بچاسکے گا۔افسوسناک امر یہ بھی ہے کہ اس نازک صورتحال میں بھی حکومت سولو فلائیٹ فیصلوں پر عمل پیرا ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ ہمارا صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوچکا ہے لہٰذا حکومت کو دن رات اپنے عوام بالخصوص طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے چاہیے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -